کراچی:
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے ردعمل کے طور پر کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی مذمت اور کرایہ 4 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے ہماری حالیہ ہڑتال میں ہم سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ہڑتال میں بہت سے مسائل پر جو وفاقی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ہم سے معاہدہ کیا گیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جو وعدہ کیا تھا موٹروے پولیس اس کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ہم پھر سے ملک گیر ہڑتال کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ہم پھر ملک گیر ہڑتال کریں گے، تمام نقصان کی ذمہ دار وفاقی اور حکومت پنجاب ہوگی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 268 روپے 38 پیسے ہوگئی ہے۔
وفاقی حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 253 روپے 17 پیسے برقرار رکھی ہے۔