سنسناٹی ماسٹرز اسٹینسلس واورنیکا کو اپ سیٹ شکست

جولین بینیٹو نے مقابلہ جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جوکووک بھی ناکام


AFP August 16, 2014
سنسناٹی ٹینس: سبائن لیسکی کو مات دینے پر پولش اسٹار اگنیسکا شائقین کو دیکھ کر ہاتھ لہرارہی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

فرنچ پلیئر جولین بینیٹو نے سوئس حریف اسٹینسلس واورنیکا کو اپ سیٹ کرتے ہوئے سنسناٹی ماسٹرز کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، آسٹریلین چیمپئن کیخلاف انھوں نے ابتدائی سیٹ 1-6 سے ہارنے کے بعد اگلے دونوں سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سیٹ میں انھوں نے 6-1 اور تیسرے میں 6-2 سے فتح کو اپنا مقدر بنایا، اس سے قبل تیسرے راؤنڈ میچز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک کو ٹامی روبریڈو نے حیران کن طور پر مات دی، اسپینش پلیئر کی جیت کا اسکور 7-6 (8/6) اور7-5 رہا، سیکنڈ سیڈ راجرفیڈرر نے گیل مونفلز پر 6-4 ، 4-6 اور6-3 سے غلبہ پایا، 5 سیڈ میلوس راؤنک نے امریکی حریف اسٹیو جوہانسن کو 6-7 (7/9) ، 6-3 اور7-6(7/4) سے زیر کرلیا، چھ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے میخائل یوزنی کی کہانی 7-5 اور6-0 سے ختم کردی۔

برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے جون اسنر پر 6-7 (3/7) ، 6-4 اور 7-6(7/2) سے غلبہ حاصل کرلیا، اطالوی کھلاڑی فابیو فوگنینی نے چائنیز تائپے کے لوین ہوشن کو 3-6 ، 6-3 اور6-3 سے ہرادیا، ویمنز سنگلز تھرڈ راؤنڈ میچز میں ٹاپ سیڈ امریکی سپراسٹار سرینا ولیمز نے فلاویا پنیٹا کو 6-2 اور6-2 سے مات دیکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا، سیکنڈ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے لوسیا سفارووا کو 6-4 اور7-5 سے قابو کرلیا، فورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے جرمن حریف سبائن لیسکی کو 6-1 اور6-1 سے گھر واپسی کا پروانہ تھمایا۔

5 سیڈنگ پانے والی روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے ہموطن اناستاسیا پاولیچنکووا کو 6-4 اور7-6(7/2) سے شکست دے دی، 8 سیڈ جیلینا جینکووچ نے سلون اسٹیفنز کی پیشقدمی 7-6 (7/4) اور6-4 سے ختم کردی، 9 سیڈ اینا ایوانووک نے سویٹلانا کزنٹسووا کو 6-2، 2-6 اور6-3 سے زیرکرلیا، ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی نے چھ سیڈ اینجلیک کیربر کو 7-5 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا، یوکرین کی الینا سویٹولینا نے اسپینش پلیئر کارلا سواریز نیوارو کو 4-6 ، 6-4 اور6-4 سے قابو کرلیا۔