لندن؛ مسجد کے باہر چاقو حملے میں جاں بحق پاکستانی نوجوان کی شناخت ہوگئی

برمنگھم مسجد کے باہر چاقو بردار شخص کے حملے میں تین نوجوان زخمی بھی ہوئے تھے


ویب ڈیسک// February 23, 2026
برمنگھم مسجد پر چاقو بردار شخص سے حملے میں 18 سالہ نمازی جاں بحق اور دیگر 3 زخمی ہوگئے

برطانوی شہر برمنگھم میں مسجد کے باہر ہونے والے ہولناک چاقو حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی نوجوان کی شناخت ہو گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برمنگھم پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد کے باہر حملے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ ذیشان افضل کے نام سے ہوئی ہے۔

18 سالہ ذیشان افضل برمنگھم کے نواحی علاقے کا رہائشی تھا اور تراویح ادا کرنے مسجد پہنچا تھا کہ پارکنگ میں چاقو بردار شخص نے حملہ کردیا۔

حملے میں ذیشان افضل موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ دیگر تین نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

زخمی ہونے والے نوجوانوں کی عمریں بھی 19 سے 22 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔ جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اس واقعے کو نسلی یا مذہبی بنیاد پر حملہ قرار دینے کے شواہد نہیں ملے تاہم تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

ملزم تاحال فرار ہے۔ پولیس نے مقامی رہائشیوں اور عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو پولیس سے رابطہ کریں۔

ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے مقامی کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں اور معمولاتِ زندگی بحال رکھ سکیں۔

 

مقبول خبریں