پاکستان میں گذشتہ 3سال کے دوران 79نئی غیرملکی کمپنیوں کی آمد ہوئی ہے، سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق اس عرصے کے دوران نجی شعبے میں غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے 40.7ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔
ایس ای سی پی کے مطابق 61 غیر ملکی کمپنیوں نے شئیر کی ٹرانزیکشز کیں جبکہ 29 غیر ملکی کمپنیوں نے اپنے شئیرز دیگر غیر ملکی کمپنیوں کو منتقل کیے۔
ایس ای سی پی کے مطابق سعودی عرب کی آرامکو کمپنی نے گو پیٹرولیم میں 40فیصد حصص حاصل کیے اور سعودی عرب کی واقب ڈیٹا کمپنی نے پاکستانی "ووٹ ٹیک" میں 80فیصد شیئر ہولڈنگ حاصل کی۔
سوئٹزرلینڈ کے گنوور گروپ نے ٹوٹل انرجیز پاکستان میں شئیر حاصل کیے جبکہ اٹلی کی یوریکم نے فاطمہ یوریکم رائس ملز میں 50فیصد شئیر کی خریداری کی۔ ایس ای سی پی کے مطابق ڈیجیٹل سیکٹر میں بازار ٹیکنالوجیز نے ویم سول کو حاصل کیا۔
سعودی عرب کی وافی انرجی نے شیل پاکستان کے آپریشنز کی خریداری کی جبکہ امریکا کی کمپنی فائزر نے فاسیٹیکل پلانٹ لکی کور انڈسٹریز کو فروخت کیا۔ ایس ای سی پی کے مطابق دبئی کی ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے درمیان لاجسٹکس سیکٹر میں جوائنٹ وینچر کیا گیا۔
ہالینڈ کی برکلے اسکوائر ہولڈنگ نے مائنڈ شیئر پاکستان میں 50فیصد شیئر ہولڈنگ حاصل کی۔ ایس ای سی پی کے مطابق متعدد مزید غیرملکی شراکت داری کے معاہدے پائپ لائن میں ہیں جبکہ پاکستان میں فعال غیرملکی کمپنیوں کی تعداد 1,157 ہے۔