وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی شناخت پر کئی مرتبہ سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار مسافر سعودی عرب سے معمول کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کا رویہ مشکوک پایا گیا جس پر اسے تفصیلی تفتیش اور جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے انکشاف کیا کہ دستی پاکستانی پاسپورٹ اصل نام سے جاری ہوا تھا تاہم اس نے دھوکا دہی سے اپنی تصویر اس پاسپورٹ پر چسپاں کر رکھی تھی۔
ملزم نے بتایا کہ اس کے پاس موجود قومی شناختی کارڈ اصل نام پر جاری شدہ ہے، ذاتی تلاشی کے دوران اقلم زادہ کے نام سے جاری ایک شناختی کارڈ کی نقل بھی برآمد ہوئی، جبکہ موبائل فون کی جانچ میں اس کے اصل شناختی کارڈ کی کاپی بھی سامنے آئی جس میں اس کی حقیقی شناخت ظاہر ہوئی۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ تصویر کی تبدیلی کے بعد اسی پاسپورٹ پر چار مرتبہ بیرون ملک سفر کر چکا ہے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ریکارڈ کی جانچ انٹرگریٹیڈ بارڈرمینیجمنٹ سسٹم کے ذریعے کی گئی جس میں 9 سفری آمدورفت ظاہر ہوئیں، تاہم پاسپورٹ پر صرف 4 آمد و روانگی کی مہر یں ثبت تھیں، چاروں مہریں آئی بی ایم ایس ریکارڈ سے مطابقت رکھتی ہیں جبکہ باقی سفری تفصیلات کی مزید تصدیق جاری ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق اصل پاسپورٹ پر تصویر کی تبدیلی اور کسی دوسرے شخص کی حیثیت سے سفر کرنا قابل دست اندازی جرم ہے، ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات جاری ہیں۔