کراچی:
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق سپر ہائی وے پر گنا منڈی سروس روڈ کے قریب ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی ہوئے، جن کی شناخت جاجی رحمان اور گلار خان کے نام سے ہوئی۔
زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی طرح جوہرآباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس کی شناخت طلحہٰ کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے پستول، چھینے گئے تین موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
مزید کارروائیوں میں گڈاپ سٹی پولیس نے سپر ہائی وے چکوال پمپ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لیا۔
جبکہ نیو کراچی سیکٹر 11-J میں بھی ایک اور مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔