اسلام آباد:
وزیراعظم سے وزیرِاعلیٰ سندھ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملاقات میں وزیرِاعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی اہم اتحادی جماعت ہے اور مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے مخلوط حکومت کے ایک اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط روابط سے جمہوری نظام کو تقویت ملے گی اور عوام کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں سندھ کے سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جب کہ ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال اور مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔