متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کے تباہ کیے گئے بیلسٹک میزائلوں کے ٹکڑے ابوظہبی میں زمین پر گرنے سے ایک غیر ملکی شہری زد میں آگیا۔
میزائل کے ٹکڑنے لگنے سے غیرملکی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
گلف نیوز کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص ایشیائی ملک سے تعلق رکھتا تھا بعد میں مقامی میڈیا نے اس کی شناخت پاکستانی شہری کے طور پر کی۔
ایرانی میزائل کے ٹکڑے لگنے سے جاں بحق ہونے والے پاکستانی شخص کی میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد آبائی وطن روانہ کردیا جائے گا۔
تاحال جاں بحق پاکستانی شخص کی عمر اور نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران میں فوجی اور حساس مقامات پر بھرپور حملہ کیا ہے جس میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
جن میں سے 51 پرائمری اسکول کی طالبات بھی شامل ہیں جو حملے کے وقت اسکول میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔
ان حملوں کے جواب میں ایران نے عرب ممالک میں موجود امریکی ہوئی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔
ایسا ہی ایک حملہ متحدہ عرب امارات میں امریکی تنصیبات پر کیا جسے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنادیا لیکن میزائل کے ٹکڑے ایک شخص کو لگے اور وہ جاں بحق ہوگیا۔