ایران امریکا جنگ کے باعث دیگر ممالک کی طرح پاکستان سے بھی مشرق وسطیٰ میں فضائی آپریشن درھم برہم ہو کر رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق تین روز میں ملکی غیر ملکی ائیر لائینز کی 500 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ہزاروں مسافر پھنس گئے جبکہ مسافروں کے ساتھ ساتھ ائیر کارگو سروس بھی معطل ہوگئی۔
مختلف نوعیت کا سامان جس میں کھانے پینے کی اشیاء سے لیکر دیگر اشیاء شامل ہیں، وہ بھی رک چکی ہیں۔ پروازیں کب بحال ہونگی ابھی تک صورتحال واضح نہیں ہوئی۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مختلف ائیرپورٹ سے آنے اور جانے والی مختلف ائیر لائینز کی پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں جبکہ ائیر کارگو سروس معطل ہونے سے اشیائے خوردونوش کی ترسیل سمیت دیگر اشیاء کی ترسیل بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔
ائیرپورٹ زرائع کے مطابق کچھ ممالک کی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے فضائی آپریشن معطل ہوا ہے۔ کب بحال ہوگا، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پاکستان کے مختلف ائیرپورٹ سے صرف سعودی عرب کے لیے پروازوں کی آمد و رفت جاری ہے۔ اگر صورتحال ایسی ہی رہی یا مزید حالات خراب ہوئے تو پھر فضائی آپریشن مزید خرابی سے دوچار ہو جائے گا۔
ملک کے بین الاقوامی ائیرپورٹس سے آج 106 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ کراچی ائیرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی قطر، شارجہ، کویت بحرین کی پروازیں آج بھی اڑان نہ بھرسکیں۔ کراچی ائیرپورٹ پر مشرق وسطیٰ جانے والی 32 پروازیں منسوخ رہیں۔
اسی طرح پشاور ائیرپورٹ پر ڈومیسٹک اور بین الاقوامی تمام 22 فلائٹ، لاہور ائیرپورٹ سے مختلف ائیرلائنز کی دبئی، ابو ظہبی، شارجہ، بحرین جانے والی 22 پروازیں اور فیصل آباد سے 4 کوئٹہ سے 2 ملتان سے 4 پروازوں کو منسوخ کیا گیا۔
3 دن میں ملک بھر کے ائیرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے ملکوں کو جانے والی 350 سے زائد پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔