کشیدگی کے بعد کراچی میں معمولاتِ زندگی بحال، ٹریفک جزوی متاثر

ممکنہ احتجاج کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ جانے والے راستے سیل


اسٹاف رپورٹر March 02, 2026

کراچی:

شہرِ قائد میں گزشتہ روز ہونے والی کشیدگی کے بعد آج صورتِ حال معمول کے مطابق ہے۔

کاروباری مراکز سمیت دفاتر، انڈسٹریل ایریاز اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں کام جاری ہے۔ جامعہ کراچی سمیت متعدد سرکاری و نجی یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز کی بندش کے باعث صبح کے اوقات میں ٹریفک معمول سے کم رہا۔

ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ سلطان آباد جانے والی روڈ کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے۔

پی آئی ڈی سی چوک سے ضیاء الدین روڈ سی ایم ہاؤس جانے والی سڑک بھی بند ہے۔ ٹاور سے مائی کلاچی جانے والی روڈ کو بھی بند کر دیا گیا۔ بوٹ بیسن سے مائی کلاچی جانے والی روڈ کو بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا۔

ایف ٹی سی سے میٹروپول جانے والا شارع فیصل کا ٹریک دوسرے روز بھی بند ہے۔ ٹریفک کو گورا قبرستان سے یوٹرن کر کے صدر کی طرف بھیجا جارہا ہے۔ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی خدشات کے باعث سڑکوں کو بند کیا گیا۔

یاد رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد گزشتہ روز کراچی میں امریکی قونصل خانے پر احتجاج کے دوران فائرنگ سے 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

مقبول خبریں