فضائی حملے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کرنے کے بعد اسرائیل نے تمام عالمی قوانین اور اخلاقی ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک اور دھمکی دیدی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے آیت اللہ خامنہ ای کے بعد ان کے جانشینوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد جو بھی شخص ایران کی قیادت سنبھالے گا اسے بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
یسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی اسرائیلی فوج کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایران کی نئی قیادت کے خلاف کارروائی کے لیے تیار رہیں۔
ان کے بقول اسرائیل ایران کے خلاف اپنی حکمت عملی میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گا۔ امریکا کے ساتھ مل کر ایرانی حکومت کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل ایران کی عسکری اور اسٹریٹیجک صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے لیے مربوط اقدامات کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسرائیل نے ایک ایک زیر زمین بنکر کو فضائی حملے میں تباہ کردیا تھا جس میں آیت اللہ خامنہ ای اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود تھے۔
حملے کے وقت ایرانی سپریم لیڈر اہم سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وزیر دفاع، آرمی چیف، مشیر قومی سلامتی اور پاسداران انقلاب کے سربراہ شریک تھی۔
اسرائیلی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای، اہلیہ، خاندان کے دیگر افراد اور اجلاس میں شامل تمام شخصیات شہید ہوگئی تھیں۔
ایران کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کا عمل ابھی ہونا ہے جس کے لیے مضبوط ترین امیدواروں میں آیت اللہ کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای بھی شامل ہیں۔