جسے فیفا امن انعام دیا گیا اسی ٹرمپ نے ایران میں فٹبال اسٹیدیمز پر بمباری کی؛ وزیر خارجہ

اسرائیل اور امریکا نے ایران پر 28 فروری سے مسلسل بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے


ویب ڈیسک March 07, 2026
امریکا کے ایران میں فٹبال اسٹیڈیم پر حملے

امریکا کے فضائی حملوں میں ایران کے فٹبال اسٹیڈیمز بھی تباہ ہوگئے جس پر ایران نے فیفا سے سخت احتجاج کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے اپنے دارالحکومت میں فٹبال اسٹیڈیم پر امریکی حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عالمی کھیلوں کی تنظیموں فیفا سے اس معاملے پر موقف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تہران میں واقع آزادی اسپورٹس کمپلیکس کو امریکی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ تباہ شدہ وہ فٹبال اسٹیڈیم ہے جسے ایسے ملک نے نشانہ بنایا جس کے صدر کو حال ہی میں فیفا نے امن کا اعزاز دیا تھا۔ اس پر فیفا یا انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کوئی تبصرہ کرے گی؟

یاد رہے کہ دسمبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کی جانب سے نیا متعارف کرایا گیا “پیس پرائز” دیا گیا تھا۔ فیفا کے بقول یہ انعام عالمی جنگیں ختم کرانے کی کوششوں پر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ خود بھی اپنی انتخابی مہم کے دوران امن کے لیے کوششوں کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے حصول کی خواہش کا اظہار کرچکے تھے اور متعدد رہنماؤں نے ان کی نامزدگی کے لیے کمیٹی کو خطوط بھی لکھے تھے۔

 

مقبول خبریں