مشرق وسطیٰ کشیدگی کے بعد پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید بڑھ گئی

اگر اس صورت حال سے فائدہ اٹھایا جائے تو قوم کی تقدیر بدلنے کی سمت میں عملی پیش رفت ممکن ہوجائے گی


کاشف حسین March 09, 2026

مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی کشیدگی اور سمندری راستوں پر بڑھتے خطرات نے ایک بار پھر عالمی تجارت اور لاجسٹکس کے متبادل راستوں کی ضرورت کو نمایاں کردیا ہے جبکہ اس صورتحال نے دنیا پر پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین کے سنگم پر واقع پاکستان کئی خطوں کو باہم جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کس طرح اس موقع کو بروئے کار لا سکتے ہیں تاکہ دہائیوں سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نبرد آزما اس محنتی اور باصلاحیت قوم کی تقدیر کو بدلنے کی سمت میں عملی پیش رفت ہوسکے۔

حالیہ صورتحال میں اس کی عملی مثال بھی سامنے آچکی ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود اور سمندری راستوں پر خطرات بڑھ گئے ہیں۔

اس پس منظر میں متعدد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کے لیے کراچی ایئرپورٹ ایک محفوظ ترین ہنگامی لینڈنگ پوائنٹ اور ٹرانزٹ حب کے طور پر استعمال ہورہا ہے۔ اسی طرح کراچی کی بندرگاہیں مشرق وسطیٰ، سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کی سمندری تجارت کے لیے ٹرانس شپمنٹ کی سہولت فراہم کررہی ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے میں بحران کے دوران پاکستان کا محلِ وقوع کس قدر اہمیت اختیار کرجاتا ہے۔

علاقائی رابطوں کا قدرتی مرکز:

پاکستان جغرافیائی اعتبار سے کم از کم چار بڑے خطوں کو آپس میں جوڑنے کی پوزیشن میں ہے، جن میں جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور چین۔ اگر ان روابط کو مؤثر پالیسیوں اور انفراسٹرکچر کے ذریعے فعال بنایا جائے تو پاکستان خطے میں تجارت اور نقل و حمل کا ایک اہم مرکز بن سکتا ہے۔

وسطی ایشیائی ریاستیں سمندر تک رسائی کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں جبکہ چین کے مغربی علاقے بھی پاکستان کے راستے بحیرہ عرب تک مختصر راستہ حاصل کرسکتے ہیں۔

تجارت اور ٹرانزٹ ہب بننے کا امکان

پاکستان کی بندرگاہیں اور زمینی راستے اسے خطے کے لیے ایک قدرتی ٹرانزٹ ہب بنا سکتے ہیں۔ وسطی ایشیا اور افغانستان جیسے لینڈ لاکڈ ممالک اپنی برآمدات اور درآمدات کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں پر انحصار کرسکتے ہیں۔

اسی طرح چین اور مشرق وسطیٰ کے درمیان سامان کی نقل و حمل کے لیے بھی پاکستان مختصر اور مؤثر راستہ فراہم کرسکتا ہے، جس سے ملک کو ٹرانزٹ فیس، لاجسٹکس اور تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں فائدہ ہوسکتا ہے۔

ہوابازی اور فضائی راہداری کی اہمیت

پاکستان کی فضائی حدود یورپ، مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان سفر کرنے والی پروازوں کے لیے ایک اہم راہداری کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اس جغرافیائی مقام کی بدولت پاکستان علاقائی ایوی ایشن اور کارگو حب بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اگر ہوائی اڈوں اور کارگو سہولیات کو جدید بنایا جائے تو فضائی تجارت اور مسافر ٹریفک سے بھی معیشت کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

سب میرین کیبل اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی

بحیرہ عرب کے ساحل کے باعث پاکستان عالمی فائبر آپٹک سب میرین کیبل نیٹ ورک کا اہم حصہ بن سکتا ہے۔ ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے درمیان انٹرنیٹ ڈیٹا کی بڑی مقدار سمندری کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔

پاکستان کے ساحلی علاقے ان کیبلز کے لیے ایک مؤثر لینڈنگ پوائنٹ بن سکتے ہیں جس سے ملک ڈیجیٹل ٹرانزٹ اور ڈیٹا کنیکٹیویٹی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔

زمینی رابطے اور علاقائی راہداری

پاکستان سڑکوں اور ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے چین، افغانستان اور ایران کے راستے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کو جوڑنے کی پوزیشن میں ہے۔ اگر علاقائی روابط کو فروغ دیا جائے تو توانائی کی پائپ لائنز، ریلوے کوریڈورز اور شاہراہیں پورے خطے کے لیے تجارت اور نقل و حمل کے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہیں۔

اس طرح پاکستان ایک اہم زمینی راہداری کے طور پر ابھر سکتا ہے۔

توانائی کی علاقائی گزرگاہ بننے کی صلاحیت

پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایسے خطے میں واقع ہے جہاں اس کے اردگرد توانائی کے بڑے ذخائر رکھنے والے ممالک موجود ہیں جبکہ قریب ہی بڑی آبادی والے اور توانائی کے طلبگار ممالک بھی ہیں۔

اس تناظر میں پاکستان توانائی کی محفوظ اور مؤثر ترسیل کے لیے ایک اہم گزرگاہ بن سکتا ہے۔ مستقبل میں خلیجی اور سعودی سرمایہ کاری کے ذریعے ساحلی شہروں میں جدید آئل ریفائنریز اور توانائی کے بڑے ذخیرہ مراکز قائم کیے جاسکتے ہیں۔

اسی طرح ایل این جی اور گیس کی ترسیل کے لیے پائپ لائنز کا علاقائی نیٹ ورک پاکستان کے راستے گزر کر خطے کی بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

شپنگ اور بندرگاہوں کا اسٹریٹجک کردار

پاکستان کے ساحل پر واقع کراچی اور گوادر جیسی بندرگاہیں عالمی بحری راستوں کے قریب واقع ہیں۔ یہ بندرگاہیں خلیج فارس، مشرق وسطیٰ اور افریقی منڈیوں تک رسائی فراہم کرتی ہیں۔ اگر ان بندرگاہوں کو جدید لاجسٹکس اور صنعتی سہولیات سے جوڑا جائے تو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تجارت کے لیے یہ ایک اہم گیٹ وے بن سکتی ہیں۔

پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اسے ایشیا کے مختلف خطوں کے درمیان ایک قدرتی پل کی حیثیت دیتا ہے، جسے مؤثر حکمت عملی اور علاقائی تعاون کے ذریعے اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تحریر کردہ
کاشف حسین

بلاگر ایکسپریس نیوز سے بطور رپورٹر وابستہ ہیں اور ٹیکنالوجی سمیت معیشت کے مختلف پہلوؤں پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مصنف کی آراء اور قارئین کے تبصرے ضروری نہیں کہ ایکسپریس ٹریبیون کے خیالات اور پالیسیوں کی نمائندگی کریں۔

مقبول خبریں