حزب اللہ کی جانب سے سخت مزاحمت کے بعد اسرائیل نے لبنان میں متعدد مقامات پر تابڑ توڑ حملے کیے ہیں جس میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائیوں میں جاں بحق افراد تعداد 294 تک پہنچ گئی جبکہ 1021 زخمی ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
لبنانی حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے اور گولہ باری ملک کے مختلف علاقوں میں جاری ہیں جن میں رہائشی عمارتیں، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
وزارت صحت کے بقول زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
متعدد علاقوں میں امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور ممکنہ متاثرین کی تلاش کا کام بھی کر رہی ہیں۔ ملبے سے لاشیں ملے کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیاں لبنان میں موجود مسلح گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ جن کا مقصد سرحدی علاقوں میں سکیورٹی خطرات کو کم کرنا ہے۔
رائٹرز کے بقول لبنانی وزارتِ صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔