کراچی میں گھر سے نوبیاہتا لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش برآمد

خاتون کی ساڑھے چار ماہ قبل شادی ہوئی تھی، پولیس


اسٹاف رپورٹر March 09, 2026

کراچی:

عزیزآباد میں گھر سے نوبیاہتا لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عزیزآباد تھانے کے علاقے عزیزآباد بلاک 2 صفہ مسجد کے قریب گھر سے ایک لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جس کی شناخت 23 سالہ عائشہ زوجہ محیط کے نام سے کی گئی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

عزیزآباد تھانے کے ہیڈ محرر ارشد شیخ کے مطابق خاتون کی ساڑھے چار ماہ قبل محیط سے شادی ہوئی تھی، اس سے قبل خاتون کا اس کے شوہرکے بڑے بھائی سے نکاح ہوا لیکن بڑے بھائی کے انتقال کے بعد چھوٹے بھائی سے شادی ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شوہرنے بتایا کہ ان کی بیوی نےغسل خانے کے دروازے پرکنڈی لگانے کے بعد اسٹول پرچڑھ کردوپٹے کی مدد سے گلے میں پھندا لگاکر خودکشی کی ہے۔

 عزیز آباد پولیس کے مطابق جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو کرائم سین کو صاف کیا ہوا تھا اورغسل خانے میں نہ اسٹول تھا اور دوپٹہ بھی پھینکا ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ مشکوک معلوم ہوتا ہے، خاتون کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاکہ حتمی وجہ موت کا تعین ہوسکے، اس حوالے سے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں