یہ تو کچھ بھی نہیں؛ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر ٹرمپ نے خبردار کردیا

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے اور آبنائے ہرمز کی بندش پر پیٹرول کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے بھی متجاوز


ویب ڈیسک March 09, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ نے خام تیل کی عالمی قیمتوں کو معمولی بات قرار دیدیا

امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے تیل کی ترسیل کے سب سے بڑی آبی گذرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کردیا جس سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل 115 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں جو گزشتہ کئی برسوں کی بلند ترین سطح ہے۔ 

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 115 سے 118 ڈالر فی بیرل کے درمیان فروخت ہوتا رہا ہے جو کہ چند ہی دنوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ ہے۔

اس خوفناک صورت حال پر امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ یہ تو معمولی اضافہ ہے تیل کی یہ بڑھتی قیمتیں امریکا اور دنیا کے امن و سلامتی کے سامنے بہت چھوٹی قیمت ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ مختصر مدت کے لیے ہے۔ ایران کے جوہری خطرے کے خاتمے کے بعد قیمتیں دوبارہ کم ہو جائیں گی۔

ایران پر امریکی اور اسرائیلی جنگ کے سائے اب بھی منڈلا رہے ہیں۔ نئے منتخب کردہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے عہدہ سنبھالتے ہی ایران کے جوابی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

جس سے اس جنگ کے طول پکڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جب کہ متعدد خلیجی ممالک میں تیل و گیس کی پیداوار اور ترسیل کے راستے بھی بند ہیں۔ ایسے میں قیمتوں میں فوری کمی کا امکان معدوم ہوتا جا رہا ہے۔

 

 

 

مقبول خبریں