خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت؛ سب سے زیادہ نقصان خود ایران کو ہوگا؛ سعودیہ

خطے میں امن اور استحکام کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے


ویب ڈیسک March 09, 2026

سعودی عرب نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی تو اس کا سب سے زیادہ نقصان خود ایران کو اٹھانا پڑے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے خلاف ایرانی حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اپنی سرزمین، شہریوں اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ضروری قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے خلیجی ریاستوں کے خلاف میزائل اور ڈرون حملے ناقابل قبول جارحیت ہیں۔

سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے کے استحکام بلکہ عالمی توانائی کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

بیان میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مملکت خطے میں امن اور استحکام کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنایا اور آبنائے ہرمز کو بند کردیا ہے جس سے دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مقبول خبریں