حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کیلیے لبنان کی ہر ممکن حمایت اور تعاون کریں گے؛ شامی صدر

شامی صدر نے اپنے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کی


ویب ڈیسک March 10, 2026

شام کے صدر احمد الشراع نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک لبنان کی جانب سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی صدر احمد الشراع نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران یقین دلایا کہ لبنان کے صدر جوزف عون کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے اقدامات کی تائید کرتے ہیں۔

شامی صدر کا مزید کہنا تھا کہ شام نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر لبنان سے ملحقہ سرحد پر اپنی دفاعی فورسز کو مضبوط کر دیا ہے تاکہ جنگ کے اثرات شامی سرزمین تک نہ پھیلیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ سرحدی علاقوں میں تعیناتی کا مقصد سرحد پار سرگرم تنظیموں کو روکنا اور شام کی زمین کو کسی بھی عسکری کارروائی کے لیے استعمال ہونے سے بچانا ہے۔

قبل ازیں لبنانی صدر جوزف عون نے کہا تھا کہ اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کرنے کا فیصلہ کر کے حزب اللہ نے لبنان کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حزب اللہ کے یہ جارحانہ لبنان کو ایک بڑی جنگ میں گھسیٹ سکتے ہیں جس کے سنگین نتائج پورے ملک کو بھگتنا پڑیں گے۔

 

 

مقبول خبریں