بننے بنانے والے اور بنانا اسٹیٹ

جنھیں ہم ڈھونڈتا تھا آسمانوں میں زمینیوں میں وہ نکلے میرے ظلمت خانہ دل کے مکینوں میں


[email protected]

ہمیں یاد ہے ایک زمانے میں ’’بنانا اسٹیٹ‘‘ کا ذکر اخباروں میں آتا رہتا تھا اکثر دانا دانشور اپنے ملفوظات کو عوام الناس کے ساتھ شئیر کرتے تھے جس طرح آج کل شئیر کررہے ہیں اور عوام کی عاقبت سنوارا کرتے تھے چونکہ بات ذرا اونچے لیول یعنی داناؤں اور دانشوروں کی تھی اور ہم ٹھہرے جاہل اجڈ عامی امی اس لیے زیادہ پروا نہیں کرتے تھے البتہ کبھی کبھی خیال آجاتا کہ کیا نصیب ہوگا،کیا اسٹیٹ ہوگا لوگ جی بھر کر کیلے کھاتے ہوں گے، جوس پیتے ہوں گے۔

 دراصل ان دنوں ہمارے ہاں کیلے بہت مہنگے ہوگئے تھے کیونکہ جب صبح ٹھیلے والے کیلے لگاتے تو بیس روپے درجن ہوتے تھے لیکن جب ان پر پولیس والے ٹریفک والے بلدیہ والے، نرخوں والے اور پیچھے والے دکانداروں کا سیلاب گزرجاتا اور ہر ایک۔ایک دو۔یا تین درجن کیلے مفت میں لے جاتا تھا تو کیلے پچاس روپے درجن ہوجاتے تھے۔ ایسے میں کسی ایسی اسٹیٹ کا تصور ہی دل خوش کن تھا جو کیلوں کی بہتات کی وجہ سے کیلوں کا دیس کہلاتا تھا۔لیکن پھر کسی نے ہمارا یہ تصور بھی غارت کردیا کہ بنانا اسٹیٹ کا مطلب یہ نہیں کہ وہاں کیلے زیادہ اور سستے ہوتے ہیں بلکہ اس کا مطلب کچھ اور ہے۔اب اس کچھ اور’’مطلب‘‘ کے لیے پھر دانشوری کی ضرورت ہوتی جو ہمارے پاس نہیں تھی۔اس لیے کیلوں پر صبر کرکے بیٹھ جاتے۔ لیکن پھر ایک دن اچانک بالکل خلاف توقع طور پر ہماری سمجھ دانی میں آگیا کہ

جنھیں ہم ڈھونڈتا تھا آسمانوں میں زمینیوں میں

وہ نکلے میرے ظلمت خانہ دل کے مکینوں میں

وہ’’بنانا اسٹیٹ‘‘ تو یہی تھی جس میں ہم اس وقت رہ رہے ہیں یا اگر وہ کوئی اور انگریزی ’’بنانا‘‘ والا اسٹیٹ تھی تو ہوگی لیکن اردو’’بنانا‘‘ اسٹیٹ تو یہ ہماری ہی مملکت عزیز ہے۔ جہاں ’’بنانا‘‘ ایک باقاعدہ ہنر ہے، پیشہ ہے اور صنعت ہے۔جہاں اُلو بھی ’’بنائے‘‘ جاتے ہیں، اُلو کے پٹھے بھی۔ اور ماموں بھی بلکہ ضرورت پڑنے پر گدھے کو بھی’’باپ‘‘ بنایا جاتاہے۔ اب آپ پوچھیں گے کہ اتنی گہری دانشوری کی بات ہماری غیردانا دانشور کھوپڑی میں آئی کیسے؟ تو جواباً عرض ہے کہ اس کے لیے ہمیں دو دانی عورتوں ’’دانش وریوں‘‘ کا ممنون ہونا چاہیے۔ جن میں ایک تو اختری بائی فیض آبادی عرف بیگم اختر تھی جس سے ہم نے سنا کہ

دیوانہ بنانا ہے تو دیوانہ بنادے

ورنہ کہیں تقدیر تماشا نہ بنادے

اور یہیں پر ایک مرتبہ’’بنانا‘‘ کی طرف دھیان چلا گیا کہ یہ بنانا کوئی کیلا نہیں بلکہ کوئی کھیل ہے جس میں کسی کو کچھ نہ کچھ بنایا جاتا ہے اور پھر خدا ہمیشہ خوش رکھے محترمہ صوفیہ عابدہ پروین کو۔خدا نظر بد سے بچائے رکھے اور صحت دن دونی رات چوگنی ترقی کرے کہ اس نے سارا مسئلہ حل کردیا کہ

تو نے دیوانہ بنایا تو میں دیوانہ بنا

اب مجھے ہوش کی دنیا میں تماشا نہ بنا

 اور پھر

تو نے کیا کیا نہ بنایا

اور میں کیا کیا نہ بنا

ارے یہ تو خود ہماری یعنی کالانعاموں کی بات ہورہی ہے بلکہ پوری’’خرگزشت‘‘بیان کی جا رہی ہے، واقعی کس کس نے ہمیں کیا کیا نہ بنایا اور ہم کیا کیا نہیں بنے؟ بلکہ بنتے تھے بن رہے ہیں اور بنتے رہیں گے۔’’بننے‘‘ کی اس سے بڑی مثال اور کیا ہوگی کہ کوئی شخص آتا ہے اس کے پاس نہ کوئی نظریہ ہے نہ کوئی پروگرام ہے نہ کوئی مہارت ہے، نہ کوئی ہنر ہے صرف ایک ڈگڈگی ہے وہ بھی بے سری اور وہ ایک دنیا کو’’بنا‘‘ دیتا ہے اس پر سوار ہوجاتا ہے اور اس نئے بنانے کو کبھی اس طرف دوڑاتا ہے کبھی اس طرف۔ اب ہم اسے’’بنانا‘‘ نہ سمجھیں تو اور کیا سمجھیں اور جہاں اتنے ’’بنانے والے‘‘ ہوں اور اتنے زیادہ بننے والے بھی ہوں تو ہم اسے بنانا اسٹیٹ۔یا ریاست بنانا نہ کہیں تو کیا کہیں گے۔ہے نا کمال کی بات۔ اور اس بات پر آپ کو ہماری پیٹھ ٹھونکنی چاہیے۔ لیکن ہماری پیٹھ اگر رسائی میں نہیں تو خود اپنی ’’پیٹھ ٹھونکیے‘‘کہ آپ بھی بننے والوں میں سے ہیں، غرور ہمیں پسند نہیں ورنہ ہم کولمبس ہونے کا دعویٰ بھی کرسکتے ہیں کہ آخر ہم نے ایک بنانا ’’اسٹیٹ‘‘ یا ریاست بنانا دریافت کیا ہے۔اور وہ بھی بغیر کسی بحری یا بری سفر کیے، بیٹھے بٹھائے اس بنانا اسٹیٹ میں جو ہم نے دریافت کیا ہے، بنانے کا کام اتنے وسیع پیمانے پر ہورہا ہے کہ کسی اور کام کے لیے کسی کے پاس وقت ہی نہیں بچتا

دعا بہار کی مانگی تو اتنے پھول کھلے

کہیں جگہ نہ رہی اپنے آشیانے کو

چونکہ ہمیں اس بنانا اسٹیٹ یعنی بنانا ریاست یا بنانا فیکٹری کو ’’بناتے‘‘ بناتے ہوئے ستراسی سال ہوگئے ہیں۔اس لیے اس کام میں اتنے بڑے بڑے اور ایسے بنانے والے پیدا ہوگئے ہیں کہ جب بناتے ہیں تو اس کمال سے بناتے ہیں کہ خود’’بننے والے‘‘ کو بھی پتہ نہیں چلتا کہ میں ’’بن‘‘ رہاہوں یا بن گیا ہوں ہم نے خود ایسے لوگوں کو دیکھا جو بنے ہوئے ہیں لیکن ان کو پتہ نہیں کہ ہم بنائے گئے ہیں یا بنائے جارہے ہیں۔ ہم نے ایک ماہر بنانا سے پوچھا کہ آخر ہمارے اس بنانا اسٹیٹ میں یہ بنانے کاکام اتنے وسیع پیمانے پر کیسے شروع ہوا۔اور بھی تو ملک ہیں۔

وہاں اتنی صفائی سے اور اتنے وسیع پیمانے پر بنانے کا کام نہیں ہوتا جتنا ہمارے ہاں ہوتا تو اس ماہر نے ہمیں سمجھایا کہ دراصل یہ کمال بنانے والوں کا نہیں بلکہ بننے والوں کا ہے، اس ملک میں چونکہ بننے والوں کی بہتات ہے قدم قدم پر ایک ڈھونڈو تو ہزار مل جاتے ہیں اور جہاں خام مال اتنا زیادہ ہو تو ظاہر ہے کہ وہاں فیکٹریاں بھی زیادہ لگ جاتی ہیں اور بنانے والے بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔اون فیکٹری وہاں لگتی ہے جہاں اون زیادہ ہو، شوگر کے کارخانے گنے کی پیداوار والے علاقوں میں لگتے اور کپڑے کے کپاس کی پیداوار والے میں۔اب کون ہوگا جو افغانستان میں شوگر مل لگائے یا سعودی عرب میں کاٹن مل لگائے یا ملتان میں پوستین بیچے اور سوات دیر چترال میں برف کا کارخانہ۔

مقبول خبریں