ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طورپر ملک کے 5 شہروں میں فائیو جی کی فراہمی کیلئے نیلامی کی جارہی ہے۔
نیلامی کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔
پہلے مرحلے میں 2600 میگاہرٹز بینڈ میں 190 میگاہرٹز اسپیکٹرم ہے ، 110 میگاہرٹز کی اضافی طلب ہے، دوسرے مرحلے میں اسپیکٹرم کی قیمت میں پانچ فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں 35 میگاہرٹز بینڈ میں 280 میگا ہرٹز اسپیکٹرم تھا جبکہ 200 میگاہرٹز کی ڈیمانڈ آئی ہے۔
نیلامی کا دوسرا راونڈ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ ڈی جی لائسنسنگ عامر شہزاد نے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ 2600 میں سے سوئچ کرکے 700میں چلے گئے ہیں، 2600میں 7لاٹس زیادہ ہیں۔ ابھی بھی ڈیمانڈ زیادہ ہے، اس لئے قیمت بڑھائی جائے گی۔
نیلامی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل ہائی وے پاکستان کا انجن ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا آج پاکستان میں ٹیکنالوجی کاانقلاب آرہا ہے، ہم ان ممالک میں شامل ہورہے ہیں جو فائیوجی استعمال کررہے ہیں۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے بھی نیلامی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کہا اس نیلامی کیلئے حکومت نے پورا ایکو سسٹم دیا ہے، ہم بلاک چین٫ اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کیلئے اہم پیش رفت قرار دے دیا اور کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے تیز، سستی اور بہتر ڈیجیٹل سروسز میسر آئیں گی۔
فائیو جی نیلامی کا سلسلہ ورچوئلی جاری ہے، نیلامی آن لائن کی جارہی ہے جس میں ملک کی تینوں بڑی موبایل کمپنیاں شریک ہیں۔