دی سمپسنز کی پیش گوئیاں یا ایپسٹن نیٹ ورک کے اندرونی سراغ؟

دی سمپسنز کے ذریعے طاقتور طبقات نے عوام کے لاشعور کو مستقبل کےلیے تیار کیا


کنور اسد سلیم March 12, 2026

گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے دنیا بھر کے کروڑوں ناظرین کے لیے ’’دی سمپسنز‘‘ محض ایک تفریحی کارٹون سیریز نہیں بلکہ ان کی روزمرہ زندگی کا ایک حصہ رہی ہے۔

ہومر، مارج، بارٹ اور لیسا کے زرد رنگ کے یہ کردار گھر گھر میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ بچوں کے کھلونوں سے لے کر اسکول کے بستوں تک یہ کردار دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ سیریز عام شائقین کی تفریح سے بڑھ کر صحافت اور عالمی سیاست کے طالب علموں کے ایک پیچیدہ معمے میں تبدیل ہوگئی ہے۔

عام ناظرین کے لیے جو بات محض ایک حیرت انگیز اتفاق تھی وہ اب ایک سنجیدہ بحث کا روپ دھار چکی ہے، کیوں کہ صحافت اور عالمی سیاست کے طالب علموں کےلیے دی سمپسنز محض ایک کارٹون سیریز نہیں رہی، بلکہ یہ ایک ایسا معمہ بن چکی ہے جس نے گزرتے وقت کے ساتھ کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیا ہے۔

جب 2000 میں دکھائی گئی ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت حقیقت بنی، یا جب دہائیوں پہلے اسمارٹ واچ اور ویڈیو کالنگ کے تصورات اسکرین پر ابھرے، تو دنیا بھر کے شائقین ششدر رہ گئے۔ مگر جب ہم ان پیش گوئیوں کے تانے بانے عالمی طاقت کے مراکز اور جیفری ایپسٹین جیسے پراسرار کرداروں سے جوڑتے ہیں تو یہ حیرت ایک گہری تشویش میں بدل جاتی ہے۔

اگر ہم تاریخ کے اوراق پلٹیں تو 1987 سے 1989 کا دورانیہ عالمی طاقت کے توازن میں ایک خاموش مگر بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔ یہ وہی برس تھے جب جیفری ایپسٹین وال اسٹریٹ کی مالیاتی دنیا میں ایک پراسرار اور بااثر کھلاڑی کے طور پر ابھرا اور ارب پتی ’لیس ویگزنر‘ جیسے مقتدر حلقوں کے نجی مشیر کا منصب سنبھالا۔ حیرت انگیز طور پر ’دی سمپسنز‘ کا باقاعدہ آغاز بھی اسی عہد یعنی 1989 میں ہوا۔

یہ کوئی زمانی اتفاق تو نہیں ہوسکتا بلکہ ایک گہرا سماجی و اقتصادی تال میل معلوم ہوتا ہے۔ جس وقت ایپسٹین نیویارک کے ان ایلیٹ حلقوں میں جڑیں مضبوط کر رہا تھا جو عالمی معیشت اور سیاست کی بساط بچھا رہے تھے، عین اسی وقت میٹ گریننگ کا یہ شاہکار ان ہی حلقوں کی مالیاتی اور نظریاتی سرپرستی میں منظرِ عام پر آیا۔ ایک ایسا شو، جس کا مقصد پاپ کلچر کے ذریعے مستقبل کے سماجی ڈھانچے کی عکاسی کرنا تھا۔ اس کا آغاز ہی ان مخصوص طبقات کے زیرِ سایہ ہوا جو اس مستقبل کو ’ڈیزائن‘ کر رہے تھے۔

شو کے آغاز (1989) میں میٹ گریننگ کے ساتھ جو سب سے بڑا نام تھا، وہ جیمز ایل بروکس تھا۔ بروکس ہالی ووڈ کے ان چند لوگوں میں سے ہیں جن کا اثر و رسوخ صرف فلموں تک نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی تھنک ٹینکس تک تھا۔ اگر آپ شو کی ابتدائی اقساط کا مشاہدہ کریں تو وہاں نیوکلیئر پاور پلانٹ اور مسٹر برنز کا کردار مرکزی ہے۔ مسٹر برنز کا کردار محض ایک بوڑھے امیر آدمی کا نہیں ہے بلکہ وہ ان پردہ نشینوں کی عکاسی کرتا ہے جو شہر کی بجلی، سیاست اور پولیس کو اپنی مٹھی میں رکھتے ہیں۔

شو نے آغاز ہی سے یہ دکھایا کہ ایک عام آدمی (ہومر سمپسن) کی زندگی کا ریموٹ کنٹرول ان مخصوص طبقات کے ہاتھوں میں ہے جو پسِ پردہ بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ یہ حقیقت میں اس ایلیٹ کلچر کی عکاسی تھی جس کا حصہ خود شو کے مالکان تھے۔ اس دور کے اسکرپٹس میں جس طرح کی سوشل انجینئرنگ اور خاندانی نظام پر طنز ملتا ہے، وہ ان تھنک ٹینکس کی تحقیقات سے حیرت انگیز مماثلت رکھتا ہے جو اس وقت عوامی نفسیات کو بدلنے پر کام کر رہے تھے۔

ایسے حقائق اس شک کو تقویت دیتے ہیں کہ دی سمپسنز کو شروع ہی سے ان اندرونی بصیرتوں تک رسائی حاصل تھی جو عام انسانوں کےلیے محض ایک کارٹون تھا مگر ان ایلیٹ حلقوں کےلیے ایک طے شدہ نقشۂ عمل تھا۔

کیا یہ محض لکھاریوں کی غیر معمولی ذہانت تھی یا ہم ایک ایسے پردے کے پیچھے جھانک رہے ہیں جہاں مستقبل کو ’پیش گوئی‘ نہیں بلکہ ’ڈیزائن‘ کیا جاتا ہے؟

عام طور پر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ سمپسنز کے لکھاری ہارورڈ جیسے اداروں سے فارغ التحصیل ہیں اور ان کا سماجی مشاہدہ بہت گہرا ہے۔ یہ بات درست ہوسکتی ہے لیکن ہماری تحقیقی جبلت ہمیں مجبور کرتی ہے کہ ہم اُن پسِ پردہ روابط کا باریک بینی سے جائزہ لیں جبکہ واقعات کا معروضی تجزیہ بھی یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم ان مروجہ کہانیوں سے ہٹ کر ان پوشیدہ حقائق پر نظر ڈالیں جو عام نظروں سے اوجھل ہیں۔ ایک معتبر تجزیاتی مطالعہ سطحی قیاس آرائیوں کے بجائے ہمیشہ دستاویزی حقائق پر استوار ہوتا ہے۔

جیفری ایپسٹین کے نجی طیارے ’’لولیتا ایکسپریس‘‘ کے عدالتی ریکارڈز میں دی سمپسنز کے تخلیق کار ’میٹ گریننگ‘ کا نام محض اتفاق نہیں بلکہ وہ ٹھوس شہادت ہے جو ہمیں خاموشی توڑنے اور ان غیر مرئی کڑیوں کو جوڑنے پر مائل کرتی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ایپسٹین کیس کی کلیدی گواہ ’ورجینیا جوفرے‘ نے اپنے حلفیہ بیان میں ان کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک کارٹون آرٹسٹ کا اُس اندرونی حلقے میں کیا کام تھا جہاں دنیا کے طاقتور ترین سیاست دان، سائنسدان، اور ارب پتی خفیہ ملاقاتیں کرتے تھے؟

اگر ہم ایپسٹین کے نیٹ ورک کا جائزہ لیں، تو وہ بائیومیٹرکس، جینیاتی انجینئرنگ، اور سیاسی اثر و رسوخ کے مراکز میں گہری جڑیں رکھتا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سمپسنز کی زیادہ تر درست پیش گوئیاں بھی انہی شعبوں سے متعلق ہیں۔ مثلاً، جب ایپسٹین ٹرمپ کے ساتھ نجی محفلوں میں بیٹھا تھا تو ہم دیکھتے ہیں کہ ٹھیک اسی دور میں دی سمپسنز میں ٹرمپ کی صدارت کا خاکہ پیش کیا گیا۔

جب ایپسٹین مستقبل کی بائیومیٹرک نگرانی پر سرمایہ کاری کررہا تھا، تبھی کارٹونز میں ان ٹیکنالوجیز کو بطورِ طنز دکھایا جا رہا تھا۔ کیا یہ ممکن ہے کہ جسے ہم پیش گوئی سمجھ رہے ہیں، وہ دراصل ان ایجنڈوں کی ایک جھلک تھی جو بند کمروں میں تیار کیے جا رہے تھے؟

نفسیات اور ابلاغِ عامہ میں ایک اصطلاح استعمال ہوتی ہے جسے ’’پریڈیکٹو پروگرامنگ‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد کسی بھی بڑی سماجی یا سیاسی تبدیلی کو پہلے پاپ کلچر (فلموں، کارٹونز) کے ذریعے عوام الناس کے سامنے لانا ہے تاکہ جب وہ واقعہ حقیقت میں رونما ہو، تو عوامی ردِعمل میں وہ شدت نہ رہے اور اسے ایک فطری عمل سمجھ کر قبول کر لیا جائے۔

پریڈیکٹو پروگرامنگ محض ایک میڈیا تھیوری نہیں ہے، بلکہ ماہرینِ نفسیات اور سماجی مبصرین کے نزدیک یہ انسانی ذہنوں کو کنٹرول کرنے کا ایک انتہائی لطیف اور خطرناک حربہ بھی ہوسکتا ہے۔ جب ہم اس کے منفی اثرات کی بات کرتے ہیں تو اس کا نشانہ براہِ راست ہماری سوچنے کی آزادی ہوتی ہے۔ مثلاً، اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ جب کوئی بڑا واقعہ (مثلاً نئی عالمی پابندیاں، ڈیجیٹل کرنسی کا نفاذ، یا کوئی بحران) حقیقت میں پیش آتا ہے، تو عوام کا لاشعور اسے پہلے ہی نارمل تسلیم کرچکا ہوتا ہے۔ لوگ احتجاج کرنے کے بجائے یہ سوچتے ہیں کہ ’’یہ تو ہونا ہی تھا‘‘۔

فلموں اور کارٹونز میں مسلسل تباہی، وبائیں اور حکومتی جبر دکھانے سے عام آدمی کے اندر یہ احساس جڑ پکڑ لیتا ہے کہ وہ نظام کے سامنے بے بس ہے، یوں وہ ذہنی طور پر مغلوب ہوجاتا ہے۔ مسلسل میڈیا اثرات کی وجہ سے عام قاری سچ اور ڈرامے میں فرق نہیں کرپاتا۔ اس سے معاشرے میں بے حسی پیدا ہوتی ہے، جہاں حقیقی انسانی المیے بھی لوگوں کو فلمی منظر لگنے لگتے ہیں۔

اس نظریے کے بڑے شارح ایلن واٹ کے مطابق، پریڈکٹیو پروگرامنگ کا مقصد عوام کو آنے والی تبدیلیوں کےلیے ذہنی طور پر تیار کرنا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ طاقتور طبقہ براہِ راست طاقت کے بجائے میڈیا کے ذریعے لوگوں کی مرضی کو اپنی مرضی میں بدل دیتا ہے۔

ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہے کہ جب انسانی دماغ کسی منظر کو بار بار تخیل یا تفریح کی صورت میں دیکھتا ہے تو دماغ کے عصبی خلیےاس منظر کے عادی ہوجاتے ہیں۔ اس سے انسان کی تنقیدی سوچ مفلوج ہوجاتی ہے۔ اس تناظر میں دی سمپسنز ایک ایسی کھڑکی معلوم ہوتی ہے جس کے ذریعے طاقتور طبقات نے عوام کے لاشعور کو مستقبل کےلیے تیار کیا۔

صحافتی اصولوں کے تحت ہم کسی بھی بات کو حرفِ آخر قرار نہیں دے سکتے، لیکن ’میٹ گریننگ‘ کی ’ایپسٹین‘ کے حلقے تک رسائی ایک ایسا ٹھوس نکتہ ہے جسے نظر انداز کرنا ناممکن ہے۔ اگر معلومات کا منبع وہی ہے جہاں دنیا کی تقدیر کے فیصلے ہوتے ہیں، تو ان فیصلوں کا کارٹون کی شکل میں اسکرین پر نظر آنا حیرت انگیز نہیں۔ شاید سچائی اکثر افسانے کے لبادے میں اس لیے پیش کی جاتی ہے تاکہ سچ ثابت ہونے پر بھی اسے ایک ’اتفاق‘ کہہ کر ٹالا جاسکے۔

آخر میں یہ سوال اہم نہیں رہتا کہ ’دی سمپسنز‘ کے خالق کسی جرم میں شریک تھے یا نہیں، بلکہ اصل سوال اس ساختیاتی اثر و رسوخ کا ہے جو عالمی بیانیے کو تشکیل دیتا ہے۔ جب تخلیقی ذہن اور سیاسی و معاشی مقتدرہ ایک ہی نجی طیارے میں سفر کرتے ہوں تو وہاں اتفاق کی گنجائش ختم ہوجاتی ہے۔

شاید ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں حقیقت کو براہِ راست بیان کرنے کے بجائے اسے کارٹونز، فکشن سیریز اور کہانیوں کے پردے میں چھپا کر پیش کیا جاتا ہے تاکہ عوامی شعور اسے محض تفریح سمجھ کر قبول کرلے۔ اگر یہ ’پریڈیکٹو پروگرامنگ‘ ہے، تو ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ یہ عمل ہماری ذہنی خود مختاری پر خاموش شب خون ہے اور یہ کہ ہماری آنے والی دنیا کا نقشہ ان بند کمروں میں بہت پہلے ہی کھینچا جا چکا ہے جن تک ہماری رسائی صرف ایک ’کارٹون‘ کی صورت میں ممکن ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تحریر کردہ
کنور اسد سلیم
مصنف کی آراء اور قارئین کے تبصرے ضروری نہیں کہ ایکسپریس ٹریبیون کے خیالات اور پالیسیوں کی نمائندگی کریں۔

مقبول خبریں