عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے امریکا سب سے زیادہ منافع کماتا ہے؛ ٹرمپ

امریکا سب سے زیادہ تیل پیدا کرتا ہے اس لیے قیمت بڑھنے پر فائدہ بھی اسے ہی ہوتا ہے، صدر ٹرمپ


ویب ڈیسک March 12, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ نے خام تیل کی عالمی قیمتوں کو معمولی بات قرار دیدیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنا امریکی معیشت کے لیے منافع کا باعث ہوتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرتا ہے۔ اس لیے جب قیمتیں اوپر جاتی ہیں تو امریکا کو بہت زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اصرار کیا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے زیادہ اہم مسئلہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ایران نے جوہری ہتھیار بنالیے تو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنا ان کی حکومت کی ترجیح ہے کیونکہ ایران کی ممکنہ جوہری صلاحیت خطے کے استحکام کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔

یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگیا۔

 

مقبول خبریں