وائلڈ لائف پنجاب کو قیمتی اور نایاب جنگلی جانوروں کا تحفہ

ماہرین کی ٹیم نے جانوروں اور پرندوں کو محفوظ طریقے سے سفاری زو منتقل کردیا


آصف محمود March 13, 2026

لاہور:

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے محکمہ جنگلی حیات پنجاب کو قیمتی اور نایاب جنگلی حیات کا ایک مجموعہ تحفے کے طور پر دے دیا جنہیں بعد ازاں لاہور سفاری زو منتقل کر دیا گیا۔

فرانزک ایجنسی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عمران علی نے یہ جانور اور پرندے محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کیے۔ ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجرز سنٹرل پنجاب مدثر حسن کے مطابق تحفے میں مجموعی طور پر 68 جانور اور پرندے ملے ہیں جس میں تین ہرن، دو کونجیں، دو تیتر، ایک چکور، پچاس نایاب نسل کی فاختائیں، چار نایاب نسل کے کبوتر اور چھ مور شامل ہیں۔

مدثر حسن کے مطابق تمام جانوروں اور پرندوں کو لاہور سفاری زو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہرنوں کو سفاری کے انکلوژر میں چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور عدنان ورک اور اسسٹنٹ چیف وسیم خان کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے جانوروں اور پرندوں کو محفوظ طریقے سے سفاری زو منتقل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جانوروں اور پرندوں کو بہتر دیکھ بھال کے لیے محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کیا گیا ہے اور ابتدائی معائنے کے مطابق تمام جانور اور پرندے صحت مند ہیں تاہم انہیں سفاری میں پہلے سے موجود جانوروں اور پرندوں کے ساتھ رکھنے سے قبل طبی معائنہ کیا جائے گا اور چند ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا تاکہ ان کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مقبول خبریں