جنگی ماحول کے باوجود کرکٹ کا میلہ بروقت سجے گا

آسٹریلینز سمیت اب تک کسی غیر ملکی کھلاڑی نے اپنی فرنچائز یا بورڈ کو عدم دستیابی سے آگاہ نہیں کیا


سلیم خالق March 19, 2026

کراچی:

خطے میں جنگی ماحول کے باوجود کرکٹ کا میلہ بروقت سجے گا، پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ شیڈول شیئر کر لیا جس کے مطابق 24 اور 25 مارچ کو پلیئرز تیاریاں جانچیں گے۔

آسٹریلینز سمیت اب تک کسی غیر ملکی کھلاڑی نے اپنی فرنچائز یا بورڈ کو عدم دستیابی سے آگاہ نہیں کیا، حکام سب ہی کی آمد کے منتظر ہیں، تاحال پشاور کا واحد میچ بھی ’’آن‘‘ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی مقابلہ 26 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان ہوگا، ان دنوں مشرق وسطیٰ میں جنگ چھڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے فلائٹس کا شیڈول درہم برہم ہو چکا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارت سے ٹیموں کو وطن واپسی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، حالات کی وجہ سے پی ایس ایل میں تاخیر کے خدشات بھی سامنے آئے، البتہ پی سی بی حکام کے مطابق انعقاد وقت پر ہوگا۔

گزشتہ روز تمام ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ کا شیڈول بھی شیئر کر لیا گیا جس کے مطابق 24 اور 25 مارچ کو پریکٹس سیشنز کا انعقاد ہوگا۔ 2، 2 ٹیمیں ایک وقت میں اپنی تیاریاں جانچیں گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان آنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اب تک کسی کھلاڑی نے اپنی عدم دستیابی سے آگاہ نہیں کیا۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے رابطے پر کئی فرنچائز آفیشلز نے بھی یہی کہا کہ ان کے تمام پلیئرز و آفیشلز وقت پر آ جائیں گے۔

یو اے ای اور قطر کی فلائٹس میں مسائل کے سبب اب دیگر روٹس دیکھے جا رہے ہیں۔ سری لنکا اور بنگلا دیش سے پلیئرز براہ راست پروازوں کے ذریعے پہنچ جائیں گے۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کھلاڑیوں و آفیشلز کے لیے تھائی لینڈ، سنگاپور اور ٹرکش ایئرلائنز کا استعمال کیا جائے گا۔ پلیئرز اور ایجنٹس کو سفری شیڈول ارسال کر دیا گیا ہے، 23 مارچ کو کھلاڑی لاہور میں یکجا ہوں گے۔

دوسری جانب بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک 28 مارچ کو پشاور میں زلمی اور راولپنڈیز کا میچ ’’آن‘‘ ہے، گزشتہ روز سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی منعقد ہوا، عموماً کسی مسئلے کی صورت میں پی سی بی یو اے ای کو پلان بی کے طور پر استعمال کرتا ہے جہاں ماضی میں بھی لیگ کے میچز کھیلے جا چکے ہیں، البتہ ان دنوں وہاں کے حالات بھی ٹھیک نہیں ہیں۔

اس حوالے سے بورڈ ذرائع نے بتایا کہ اب تک کسی دوسرے ملک میں میچز کا خیال ہمارے ذہن میں نہیں آیا، ہمیں پوری امید ہے کہ ملک میں بروقت ایونٹ کا انعقاد ہو جائے گا، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کھلاڑیوں کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل 3 مئی کو ہوگا، 39 روز جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز 6 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ ان میں لاہور، کراچی، ملتان، راولپنڈی، پشاور اور فیصل آباد شامل ہیں، پہلی بار لیگ میں 8 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔

مقبول خبریں