کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے کھارادر میں دوران پیٹرولنگ پولیس کا ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہوا۔
ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم عدنان ولد فاروق شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈز اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔
ملزم کے سابقہ کریمنل ریکارڈ میں مقدمہ الزام نمبر 38/2022 بجرم دفعہ 302/34 تھانہ ماڑی پور، مقدمہ الزام نمبر 164/2025 بجرم دفعہ 23(I)A تھانہ ڈاکس، مقدمہ الزام نمبر 119/2025 بجرم دفعہ 394/397/34 تھانہ ڈاکس، مقدمہ الزام نمبر 13/2025 بجرم دفعہ 452/354/506B/337A(I)/34 تھانہ چاکیواڑہ، مقدمہ الزام نمبر 190/2026 بجرم دفعہ 397/34 تھانہ جمشید کوارٹر اور مقدمہ الزام نمبر 97/2026 بجرم دفعہ 392/397/34 تھانہ آرام باغ شامل ہے۔
دوسری جانب کیماڑی کے علاقے مچھر کالونی میں ڈاکس پولیس کا دو مسلح ملزمان سے ریلوے لائن کے قریب مقابلہ ہوا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت جعفر عالم اور یونس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک پستول اور کھارادر کے علاقے سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔