فرانسیسی فٹبالر کائلیان ایمباپے فیفا ورلڈکپ کھیلیں گے یا نہیں؟ اہم بیان سامنے آگیا

27 سالہ ایمباپے نے گزشتہ سیزن کی گھٹنے کی چوٹ کے سبب 2026 کی لیگ کے چار میچز میں حصہ نہیں لیا


اسپورٹس ڈیسک March 24, 2026

فرانس کے اسٹرائیکر کائلیان ایمباپے نے کہا ہے کہ وہ اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریال میڈرڈ کے کھلاڑی کائلیان ایمباپے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس سیزن کے باقی تمام میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کریں تاکہ وہ ورلڈ کپ کے لیے بہترین تیاری کر سکیں۔

27 سالہ ایمباپے نے گزشتہ سیزن کی گھٹنے کی چوٹ کے سبب 2026 کی لیگ کے چار میچز میں حصہ نہیں لیا مگر اتوار کو اٹلیٹیکو کے خلاف 2-3 سے فتح حاصل کرنے والے میچ میں 64 ویں منٹ میں میدان میں اترے تھے۔

ایمباپے کو فرانس کی ٹیم نے 26 مارچ کو برازیل اور 29 مارچ کو کولمبیا کے خلاف دوستانہ میچز کے لیے منتخب کیا ہے جو امریکا میں کھیلے جائیں گے۔

یہ میچز 2026 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہیں جس کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔

ایمباپے نے کہا کہ میں نے 100 فیصد فٹنس حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ دو ورلڈ کپ کی طرح اس بار بھی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

واضح رہے کہ فرانس کو ورلڈ کپ میں ناروے، سینیگال اور ایک بین القوامی پلے آف کے فاتح کے ساتھ گروپ آئی میں شامل کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں