کراچی؛ محکمہ موسمیات کی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، آندھی چلنے کی پیشگوئی

طاقت ور مغربی سسٹم کی وجہ سے بارش کے دوران آسمانی بجلی گرسکتی ہے، بجلی کے کھمبوں سمیت کمزوراملاک کونقصان پہنچ سکتا ہے


آفتاب خان March 24, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

محکمہ موسمیات نے کل بلکی جبکہ جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ تیزبارش اور اس دوران آندھی چلنے اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے، ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے سبب بجلی کےکھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور کمزور ڈھانچےکو نقصان پہنچنےکا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے جبکہ بارش کا نیا نظام کراچی سمیت دیہی سندھ کےمختلف اضلاع پر29 مارچ تک برقراررہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بدھ کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان کےجنوب مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو ملک بھر میں پھیلے گا، اس کے زیر اثر شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور ہلکی بارش کاامکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے کی توقع ہے، جس کے دوران تندوتیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے علاوہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طاقت ور مغربی سسٹم کی وجہ سے بارش کے دوران آسمانی بجلی گرسکتی ہے اور ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے سبب بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز سمیت کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے دیگر علاقوں گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، سکھر، جامشورو، نوشہروفیروز، شہیدبےنظیرآباد، دادو، حیدرآباد، عمرکوٹ، میرپورخاص، ٹھٹہ، سجاول اور بدین 25 مارچ تا 26 مارچ بعدازاں 28 مارچ سے 29 مارچ کے درمیان وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کاامکان ہے اور مذکورہ اضلاع میں کہیں کہیں ژالہ باری کی توقع بھی ہے۔

مقبول خبریں