تیز گام ایکسپریس ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

ٹرین حادثے کی رپورٹ میں  کوچ ڈی ریل ہونے کی وجوہات پر حکام کے درمیان اختلافِ رائے بھی پائے گئے۔


طالب فریدی March 25, 2026

تیز گام ایکسپریس ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی، ٹرین حادثے کی رپورٹ میں کوچ ڈی ریل ہونے کی وجوہات پر حکام کے درمیان اختلافِ رائے بھی پائے گئے۔

ایکسپریس نیوز نے رپورٹ حاصل کر لی، منگل کی رات پیش آنے والے ٹرین حادثے کے حوالے سے جاری کردہ 'جوائنٹ سرٹیفکیٹ' اور اس پر آنے والے اختلافی نوٹ نے حادثے کی وجوہات کو متنازعہ بنا دیا ہے۔

جوائنٹ سرٹیفکیٹ کے مطابق، ٹرین نمبر 8-DN (جس کو انجن نمبر 6315 کھینچ رہا تھا) حادثے کا شکار ہوئی۔ ٹرین رات 20:50 بجے روانہ ہوئی تھی اور 20:53 بجے 'اے ڈی ڈبلیو' (ADW) اسٹیشن سے گزرتے ہوئے اس کی چھٹی (6th) کوچ نمبر 11152-2 پٹری سے اتر گئی۔​ٹرین کا ٹرالی حصہ پٹری سے اترنے کے بعد تقریباً 1.33 کلومیٹر تک گھسٹتا رہا۔

​اس دوران ٹرین 'ڈاؤن سائیڈ' پلیٹ فارم سے ٹکرائی، ​اس حادثے کے نتیجے میں پیچھے آنے والی مزید 7 کوچز بھی پٹری سے اتر گئیں، جس سے ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا​۔

حادثے کی وجوہات میں متضاد بیانات سامنے آئے، ​کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں حادثے کی بنیادی وجہ مکینیکل نقص قرار دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، چھٹی کوچ کی اگلی ٹرالی میں "لوز کپلنگ" (Loose Coupling) کے اثرات کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ جبکہ ​اختلافی نوٹ میں دوسری جانب، ایک اعلیٰ افسر نے اس رپورٹ سے مکمل اختلاف کیا ہے۔

اپنے تحریری نوٹ میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ​مذکورہ کوچ مکمل طور پر فٹ تھی اور اس کے پہیوں کا فاصلہ (Wheel Gauge) اور پروفائل مقررہ حدود کے اندر تھا۔

یہ کوچ مسلسل اسی ٹرین میں چل رہی تھی اور اس کی پہلے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، ​افسر کے مطابق، حادثے کو صرف کوچ کی خرابی پر نہیں ڈالا جا سکتا، بلکہ ڈرائیور کی جانب سے آپریشنل غلطی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

​رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، تاہم تکنیکی ماہرین کے درمیان حادثے کی اصل وجہ (مکینیکل خرابی یا انسانی غلطی) پر تاحال اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔

دوسری جانب ریلوے حکام نے کہا کہ 18گھنٹوں کے بعد ریلوئے ٹریک بحالی کا آپریشن مکمل کرلیا گیا، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر آدم واہن محمد اشفاق نے کہا کہ اپ کے بعد ڈاون ٹریک بھی بحال کردیا گیا،  مختلف ریلوئے اسٹیشنز پر کھڑی ٹرینوں کو ڈاون ٹریک سےکراچی روانہ کردیا گیا ہے، ڈاون ٹریک سے کراچی روانہ ہونے والی ٹرینوں میں کراچی ایکسپریس، زکریا ایکسپریس ،بزنس اور قراقرم ایکسپریس شامل ہیں۔

راولپنڈی سےکراچی جانے والی تیز گام کل رات لودھراں میں حادثے کا شکار ہوئی تھی، حادثے میں تیزگام کی 4 بوگیاں الٹنے سے 25مسافر زخمی ہوگئے تھے، اپ اور ڈاون دونوں ٹریک کلئیر کرکے ٹرین آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔

 

مقبول خبریں