کراچی: تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار، ماں بحق اور جواں سال بیٹا شدید زخمی

پولیس نے قاانونی کارروائی مکمل کرنےکےبعد ویگو ڈالے کی تلاش شروع کردی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا ری ہیں۔


اسٹاف رپورٹر March 26, 2026

ڈیفنس میں تیز رفتار ویگو ڈالے کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ماں بحق اور جواں سال بیٹا شدید زخمی ہو گیا ، پولیس نے ویگو ڈالے کی تلاش شروع کردی ، گلشن اقبال عمارت میں لفٹ سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح درخشان تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 5 چھبیس اسٹریٹ کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی اور موقع پر سے فرارہو گئی۔

حادثے میں موٹرسائیکل پر سوار خاتون جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متوفیہ خاتون کی شناخت 60 سالہ مقصود زوجہ اللہ دتہ،زخمی کی شناخت30 سالہ سجاد ولد اللہ دتہ  کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او درخشان راشد علی کے مطابق حادثے میں جاں بحق خاتون اور زخمی شخص آپس میں ماں بیٹا ہیں اور حادثہ تیز رفتار سفید رنگ کے ویگو ڈالے کی ٹکر کے باعث پیش آیا ہے ، پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ویگو ڈالے کی تلاش شروع کردی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا ری ہیں۔

دوسری جانب گلشن اقبال تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی میں پیڈسٹریئن برج کے قریب عمارت کے اندر لفٹ سے گرکر ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردی گئی جہاں متوفی کی شناخت 58 سالہ اختر ولد یوسف مسیح کے نام سے کی گئی، پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔