کراچی؛ عید کے روز سی ویو سے اغواء ہونے والی 3سالہ بچی کا تاحال سراغ نہ مل سکا

وریشہ ساحل پر ریت سے کھیل رہی تھی، واپس آئے تو دیکھا وریشہ موجود نہیں تھی، مدعیہ مقدمہ


اسٹاف رپورٹر March 26, 2026

کراچی:

سی ویو سے تین سالہ بچی کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا جس کے اغوا کا مقدمہ درخشاں تھانے میں والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، تین روز گزر جانے کے باجود مغویہ بچی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل سی ویو سے تین سالہ بچی کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا جس کے اغوا کا مقدمہ درخشاں تھانے میں اغواء کی دفعہ کے تحت درج کر لیا گیا، مقدمہ تین سالہ وریشہ کے والد محمد وسیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ نے بتایا کہ وہ ناظم آباد کا رہائشی ہے اور عیدالفطر کے تیسرے روز اپنی فیملی کے ہمراہ سیر و تفریح کے غرض سے سی ویو آیا تھا، اسی دوران میری تین بیٹیاں بھی ساتھ تھیں، میری دو بیٹیاں رش میں سمندر کی طرف بھاگ رہی تھیں، انہیں پکڑنے کے لیے میں اور میری بیوی دوڑے۔ وریشہ ساحل پر ریت سے کھیل رہی تھی، واپس آئے تو دیکھا وریشہ موجود نہیں تھی۔

والد نے بتایا کہ وریشہ کو اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر بہت ڈھونڈا لیکن وہ نہیں ملی۔ میرا دعویٰ ہے کہ نامعلوم شخص یا اشخاص نے میری بیٹی کو اغواء کیا ہے لہٰذا میری بیٹی کو بازیاب کروایا جائے۔

ایس ایچ او درخشاں راشد علی کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے دوران سی ویو پر شہریوں کی بڑی تعداد امڈ اآئی تھی اور تین روز کے دوران درجنوں بچے بچیاں لاپتا ہوئے تھے جنہیں پولیس نے تلاش کرکے انہیں ان کے اہلخانہ کے حوالے کر دیا تاہم 3 سالہ وریشنہ نامی بچی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے بچی کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن اب تک بچی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔