وفاقی حکومت کا اہم اقدام، سرکاری ونجی اسکولوں، مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیاں لازمی قرار

اسلام آباد میں ‘کھیلے گا اسلام آباد، تعلیم کے ساتھ، میدان میں ساتھ’ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی


ذوالفقار بیگ March 26, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین وانی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ‘کھیلے گا اسلام آباد، تعلیم کے ساتھ، میدان میں ساتھ’ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت اسکولوں اور مدارس کے طلبہ کے لیے باقاعدہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں آئندہ ماہ سے اسکول اسپورٹس ایئر کا آغاز کیا جائے گا جبکہ اپریل کے پہلے ہفتے سے نئے تعلیمی سال کے ساتھ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

وفاقی سیکریٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے کہا کہ طلبہ کو اسپورٹس سہولیات اور معیاری کوچنگ مفت فراہم کی جائے گی جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ابتدائی سطح پر تلاش کر کے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، جوڈو، کراٹے، ایتھلیٹکس اور ٹینس سمیت متعدد کھیل شامل کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کے وسیع مواقع میسر آئیں۔

شیڈول کے مطابق ستمبر سے انٹر اسکول مقابلوں کا آغاز ہوگا اور جنوری میں اسلام آباد اسکول گیمز منعقد کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔