ایران پاگل ملک ہے، اب معاہدے کیلیے بھیک مانگ رہا ہے؛ ٹرمپ نیٹو پر بھی برہم

ایران سنجیدہ ہوجائے ورنہ بہت دیر ہوجائے گی، امریکی صدر


ویب ڈیسک March 26, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو بزدل اور کاغذی شیر قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حکومت کو جنگ بندی مذاکرات کے لیے دھمکی آمیز پیغام دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے ایرانی مذاکرات کاروں کو ’بہت مختلف‘ اور ’عجیب‘ قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ وہ امریکا سے معاہدے کے لیے ’بھیک‘ مانگ رہے ہیں کیوں کہ ایرانی فوج بالکل تباہ ہو گئی اور ان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود وہ (ایران) اپنے عوام میں یہ کہتے ہیں کہ امریکی تجویز پر محض غور کر رہے ہیں۔ 'جھوٹ!!!‘

امریکی صدر نے ایران کو مےنبہ کیا کہ بہتر ہے، جلد سنجیدہ ہو جائیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ ایک بار دیر ہوگئی تو دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر نیٹو ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اب امریکا کو ایران جنگ میں ان کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیٹو ممالک نے پاگل ملک ایران کے خلاف مدد کے لیے بالکل کچھ نہیں کیا جو اب عسکری طور پر ختم ہو چکا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو نیٹو سے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس اہم وقت کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران ایران اسرائیل جنگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت واضح ہونی چاہیے کہ معاہدے کے لیے ایران کوشش کر رہا ہے نہ کہ امریکا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جو کچھ خطے میں ہوا ہے اس کے بعد سب کو معلوم ہے کہ ایران کیوں معاہدہ چاہتا ہے۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ امریکا اس معاہدے کے لیے تیار ہوگا یا نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔ جنگ بندی امریکی شرائط پر ہوگی۔