امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی گئی دو پراسرار ویڈیوز نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا دی جن میں سے ایک کو بعد میں حذف بھی کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کے اکاؤنٹ پر پہلی ویڈیو میں ایک مختصر کلپ دکھایا گیا جس میں کیمرہ کسی خاتون کے پاؤں کی طرف تھا اور ایک خاتون کی آواز سنائی دی جو کہہ رہی تھی کہ کیا یہ جلد شروع ہونے والا ہے۔
اس پوسٹ کو کسی بھی کیپشن کے بغیر شیئر کیا گیا تھا تاہم یہ ویڈیو کچھ دیر بعد وائٹ ہاؤس کے آفیشل اکاؤنٹ سے ہٹا دی گئی تھی۔
جلد ہی دوسری ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں سیاہ اسکرین، شور نما آواز اور ایک لمحے کے لیے امریکی پرچم دکھائی دیا۔ اس ویڈیو کے ساتھ بھی کوئی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔
ان ویڈیوز کو لاکھوں صارفین نے دیکھا اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔ کسی نے کہا کہ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تو کسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ جنگ کا کوئی خفیہ اعلان بھی ہوسکتا ہے۔
تاحال وائٹ ہاؤس کی جانب سے ان ویڈیوز کی وضاحت سامنے نہیں آئی، جس کے باعث سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔