کراچی: چلتی ہائی روف میں آگ، خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جھلس گئے

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 3 بچیاں، 4 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں


شاہ میر خان March 27, 2026

کراچی کے علاقے خدا داد کالونی میں اللہ والا بریانی کے قریب ایک ہائی روف گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 3 بچیاں، 4 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی چھیپا کی ایمبولینسز موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان شادی کی تقریب سے واپس گھر جا رہا تھا کہ راستے میں گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی۔ تمام زخمی افراد خدا داد کالونی کے رہائشی بتائے جارہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آتشزدگی کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ قرار دی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔