کراچی: میرج ہال کی سیوریج لائن میں گیس بھرجانے کے باعث زور داردھماکا، متعدد افراد زخمی

نارتھ کراچی سیکٹر 11 اے پاوور ہاؤس چورنگی کے قریب میرج ہال میں دھماکے کی آوز دور دورتک سنی گئی


اسٹاف رپورٹر March 29, 2026

نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی میرج ہال میں سیوریج لائن میں گیس بھرجانے کے باعث زور داردھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں میرج ہال میں موجود 4 افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق سرسید تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے پاؤرہاوس چورنگی عائشہ میرج ہال میں سیوریج لائن میں گیس بھرجانے کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس کی آوز دور دورتک سنی گئی۔

دھماکے کے باعث ہال میں رکھے صوفوں میں آگ بھڑک اٹھی دھماکہ اتنا زوردار تھاکہ میرج ہال کی چھت پر لگے فانوس اورلائٹیں بھی ٹوٹ گئے دھماکے کے نتیجے میں میرج ہال میں موجود 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں چھیپا ایمبولیس عباسی شہید اور سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

میرج ہال میں دھماکے کی اطلاع ملنے پولیس اور رینجرز افسران واہلکار بھی موقع پرپہنچ گئے اورفوری طورپرجائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا گیا۔

ایس ایچ او سرسید فرخ ہاشمی کے مطابق دھماکہ میرج  ہال میں موجود واش بیسن کے قریب ہوا تھا جس کے دو واش بیسن اور ان کے شیشے ٹوٹ گئے جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص دھماکے کے بعد صوفوں اور پردوں میں لگی آگ بجھانے کے دوران جھلس کر زخمی ہوا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں صدام ، نایاب اور مرتضٰی شامل ہیں  ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔