کراچی میں رینجرز کا آپریشن؛ بدنام زمانہ کاکا گینگ کے 3 اہم کارندے رنگے ہاتھوں گرفتار

ملزمان تنخواہ کے دنوں میں فیکٹری ملازمین کو لوٹتے تھے، کئی وارداتوں کا اعتراف


اسٹاف رپورٹر March 31, 2026

کراچی:

پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث کاکا گینگ کے 3 ملزمان جہانزیب ولد جاوید، لونگ  ولد کھمبو اور محمد منیر عرف ہنی ولد فیاض احمد کو لوٹ مار کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے  ایک عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن (بغیر لائسنس)، 2 عدد موٹر سائیکل، 3 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔

ملزمان کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ شاہ لطیف ٹاؤن نزد درخشاں میرج لان سے ایک شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن، منزل پمپ، اسپتال چورنگی اور یونس چورنگی سمیت مختلف علاقوں میں اسلحہ کے زور پر وارداتیں کرنے کا اعتراف کر چکے ہیں۔

ملزم منیر نے انکشاف کیا کہ وہ تنخواہ کے دنوں میں فیکٹری ملازمین کو لوٹتے تھے اور جرائم پیشہ افراد کو موٹر سائیکلیں کرایے پر فراہم کرتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں جب کہ ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے مشکوک عناصر کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز رکھا جائے گا۔