کراچی:
گھگھر پھاٹک جان محمد گوٹھ کے قریب پانی کی سپلائی لائن (چینل) میں گرنے والے باپ اور کمسن بیٹے کو بحفاظت ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقےگھگھر پھاٹک جان محمد گوٹھ کے قریب پانی کی سپلائی لائن (چینل) میں 2 افراد کے گرنے کی اطلاع سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو موصول ہوتےہی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور امدادی کارروائی شروع کی۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانی کی سپلائی لائن (چینل) میں30 سالہ صدام اور اس کا کمسن بیٹا 3 سالہ ریاض گرے تھے۔ کمسن بچہ پھسل کر پانی میں گرا اوراسے بچانے کے لیے باپ بھی پانی میں اتر گیا۔
واٹر ریسکیو ٹیم نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے کمسن بیٹے ریاض کو پانی کی سپلائی لائن سے بحفاظت نکالا اور فوری کارروائی کے بعد باپ صدام کو بھی محفوظ طریقے سے پانی سے نکالا گیا۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ باپ اور کمسن بیٹے کو زندہ نکال کر فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔