تین ہفتوں کی بندش کے بعد ملک بھر میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

حکومت نے ایندھن بحران کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا تھا


اسٹاف رپورٹر March 31, 2026

ملک بھر میں تقریباً تین ہفتوں کی بندش کے بعد آج سے تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے۔

تعلیمی اداروں کو مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پیدا ہونے والے ایندھن کے بحران کی وجہ سے 10 سے 31 مارچ تک بند کیا گیا تھا، عیدالفطر کی تعطیلات بھی اسکول بندش کے دوران شامل رہیں۔ 

تقریباً تین ہفتوں کی بندش کے بعد آج یکم اپریل سے تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں، اسکولوں اور کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوگئیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی آج سے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات میں فزیکل کلاسز بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر تعلیمی اداروں کی چھٹیاں 15 اپریل تک بڑھانے کی خبریں گردش کرتی رہیں، تاہم حکومت نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یکم اپریل سے تمام ادارے کھل جائیں گے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق اب تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث طلبہ اور والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب صورتحال معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔ کراچی کے بیشتر اسکولوں کا ٹائم صبح 8 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک ہے۔

صوبے میں اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی سال آج یکم اپریل سے شروع ہوگا۔ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت اسکولوں میں ہفتے میں دو دن تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

صوبے بھر کے اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار دو دن تعطیل ہوگی۔ ہفتہ کی تعطیل کا فیصلہ حکومت کے آئندہ حکم نامہ تک جاری رہے گا۔