خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جرگے کے دوران فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خانک ی تحصل پرو آکے میں واقع گاؤں منگل میں جرگے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں جبکہ زخمیوں کو علاج کیلیے تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے تاہم فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ گزشتہ رات چھینی گئی تین موٹرسائیکلوں کے تنازع پر واقعہ پیش آیا ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تحصیل پروا میں استرانہ قوم کے جرگے پر فائرنگ اور شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اعلی حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل فراموش اور ناقابل برداشت قرار دیا۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے استرانہ جرگے میں شامل پیپلز پارٹی کے کارکن شربت خان استرانہ کے بھائی الطاف خان استرانہ اور دیگر چار شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی جبکہ لواحقین کیلیے صبر کی دعا کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں واقعہ میں ملوث مجرم کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔