پی ایس ایل: ڈیوڈ وارنر پاکستان کے کرکٹ ٹیلنٹ سے بیحد متاثر

میں نے ابھی تک پاکستانی کھانے نہیں کھائے لیکن اپنے دوست عثمان خواجہ کے ساتھ ضرور کھاؤں گا، ڈیوڈ وارنر


سلیم خالق April 02, 2026

کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پاکستان کے کرکٹ ٹیلنٹ سے بیحد متاثر ہیں۔

ایکسپریس ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں دنیا کی مختلف لیگز کا موازنہ کرنا پسند نہیں کرتا، ہر کوئی اپنی جگہ منفرد ہے، البتہ پاکستان میں ٹیلنٹ خاص طور پر فاسٹ بولنگ میں بیحد شاندار ہے، بہت سے بولرز 140 کی رفتار سے گیند کرتے ہیں جو غیر معمولی بات ہے۔

اپنے پسندیدہ لیفٹ ہینڈ پاکستانی بیٹرز کے بارے میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ مجھے کئی پلیئرز اچھے لگتے ہیں، فخرزمان ان میں سے ایک ہیں، صائم ایوب بھی پل شاٹ میں بہت ماہر ہیں، یہ دونوں کسی حد تک میرے جیسے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر میں کسی بولر کو مشکل نہیں سمجھتا لیکن شاہین شاہ آفریدی بہت ماہر پیسر ہیں، ہماری ٹیم میں بھی بہت اچھے بولرز ہیں، حسن علی کی اسکلز بہترین ہیں، میر حمزہ نئی گیند کے ساتھ خطرناک ثابت ہوتے ہیں، عباس آفریدی بھی بہت اچھے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ سلمان علی آغا بہت اچھے کھلاڑی ہیں، وہ میدان میں میری کافی مدد کرتے ہیں، سلمان کھلاڑیوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں جو میرے لیے بہت فائدہ مند ہے، ان جیسے تجربہ کار کھلاڑی کا ساتھ ہونا ہمارے لیے ایک بڑا ایڈوانٹیج ہے۔

ہر ٹورنامنٹ میں ہدف فائنل تک پہنچنا ہی ہوتا ہے

کراچی کنگز کی کارکردگی کے بارے میں کپتان ڈیوڈ وارنرنے کہا کہ لاہور قلندرز سے آخری میچ میں جب ہم کم ہدف کا تعاقب کر رہے تھے تو میں تھوڑا سا نروس تھا، البتہ پلیئرز بہت اچھا کھیل رہے ہیں، بولرز خاص طور پر اسپنرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم بات فتح تھی، ہم اپنا کام مکمل کرنا یقینی بنانا چاہتے تھے، جب آپ کم اسکور کا تعاقب کر رہے ہوتے ہیں تو حصول مشکل ہو سکتا ہے، ہم میچ کو آخری لمحات تک لے گئے، خوش قسمتی سے محمد عباس نے اپنے پہلے ہی میچ میں آکر 2 باؤنڈریز سے ہمیں فتح دلا دی۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ابتدائی دونوں میچز میں اسپنرز غیر معمولی رہے، انہوں نے درمیانی اوورز میں میچ کا رخ ہماری طرف موڑا جس کی بدولت ہم کامیاب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہے پچھلے سال آپ کی پوزیشن کچھ بھی رہی ہو ہر ٹورنامنٹ میں آپ کا ہدف فائنل تک پہنچنا ہوتا ہے، ہم بس بہتر اور سمجھداری سے کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

عثمان خواجہ کے ساتھ پاکستانی کھانے ضرور کھاؤں گا

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میں نے ابھی تک پاکستانی کھانے نہیں کھائے لیکن اب میرے دوست عثمان خواجہ بھی یہاں آ گئے ہیں، میں اس کے ساتھ ضرور کھاؤں گا۔

سعد بیگ میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ دکھائی دیا ہے

 جب وارنر سے پوچھا گیا کہ ٹیم کا کون سا ساتھی کھلاڑی سب سے زیادہ متاثر کن لگا تو انہوں نے کہا کہ کسی ایک کا نام لینا مشکل ہے لیکن سعد بیگ نے بہت اچھی واپسی کی ہے، وہ پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ مثبت نظر آئے، ان میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ دکھائی دیا، پچھلے سال وہ ٹیم میں اپنی جگہ بنا رہے تھے لیکن اس بار انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔

تماشائیوں کی موجودگی الگ توانائی لاتی ہے، ضرور واپس آئیں گے

تماشائیوں کے بغیر میچز کے بارے میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ یہ غیر معمولی حالات ہیں، ہم پہلے بھی ایسے ماحول میں کھیل چکے ہیں، ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائیں اور ٹی وی کے ذریعے انہیں تفریح فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یقیناً تماشائیوں کی موجودگی ایک الگ توانائی لاتی ہے، میرا خیال ہے کہ وہ واپس آئیں گے، ایسا ہونا سب کے لیے بہت خوشی کی بات ہوگی۔

سنچری بنانے کی کوشش ہوگی

اپنی کارکردگی کے حوالے سے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میری کوشش ہوگی جب بھی میدان میں جاؤں بڑی اننگز کھیلوں، سنچری بنانے کی بھی کوشش کروں گا۔