پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع ممکن نہیں، شر پسند عناصر پرانی ویڈیو چلارہے ہیں، شاہد آفریدی

پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پسی ہوئی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا، شاہد آفریدی


اسپورٹس ڈیسک April 03, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا دفاع ممکن نہیں ہے، شر پسند عناصر پرانی ویڈیو چلا کر غلط تاثر دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر سابق کپتان شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں وہ عوام کو حکومت کی کفایت شعاری مہم میں حمایت کرنے کی درخواست کررہے ہیں۔

شاہد آفریدی کی اس ویڈیو پر صارفین ان پر شدید تنقید کررہے ہیں۔

 تاہم اب انہوں نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ کچھ شر پسند عناصر میری پرانی ویڈیو شیئر کر کے غلط تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کر رہا ہوں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ ویڈیو حالیہ اضافے سے  پہلے بنائی گئی تھی۔ یہ صرف توانائی کے بچت اور کم استعمال کے بارے میں آگاہی ویڈیو تھی، جو وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی درخواست پر تیار کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ پسی ہوئی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا جس کا دفاع ممکن نہیں ہے۔

آخر میں شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ کم عقل اور کم علم دوستوں کے لیے وضاحت: اس پیغام کو مذموم  سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور توڑ مروڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش شرم ناک ہے۔