بنگلادیش نے ساف انڈر 20 چیمپئن شپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
مالدیپ کے شہر مال میں کھیلے گئے ساف انڈر 20 چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں بنگلادیش نے بھارت کو سخت مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا۔
مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جہاں بنگلادیش نے 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔
بنگلادیش نے اس فتح کے ساتھ دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ چار مرتبہ کا چیمپئن بھارت دفاع میں ناکام ہو گیا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں رشیکانتا لیشریم کی پہلی کوشش بنگلادیش کے گول کیپر اسماعیل حسین مہین نے روک لی جبکہ اومانگ ڈوڈم کی آخری کک کراس بار سے اوپر چلی گئی۔
بھارت کی جانب سے ایم ڈی ارباش، سیمسن اہونگشنگبم اور وشال یادیو نے گول اسکور کیے مگر یہ کافی ثابت نہ ہوسکے۔
یوں بنگلادیش نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ٹائٹل جیت لیا۔