ہمارے جوہری پلانٹ کو نشانہ بنایا تو تابکار سے خلیجی ممالک بھی نہیں بچ پائیں گے؛ ایران

یوکرین کے جوہری بجلی گھر پر حملے پر عالمی طاقتوں نے آواز اُٹھائی لیکن ایران کے معاملے پر خاموشی ہے، عباس عراقچی


ویب ڈیسک April 04, 2026

ایران نے ایک بار پھر اسرائیل اور امریکا کو خبردار کیا ہے کہ بوشہر کے جوہری پلانٹ کو نشانہ بنانے کے سنگین نتائج نکلیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے مغربی ممالک پر دوہرے معیار کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے جوہری پلانٹ کے معاملے پر شدید ردعمل دینے والے ممالک ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں پر خاموش ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں انھوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے زاپوریژیا جوہری بجلی گھر کے قریب جھڑپوں پر مغربی دنیا نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا لیکن ایران کے بوشہر جوہری بجلی گھر پر مبینہ حملوں کے باوجود کوئی مؤثر آواز نہیں اٹھائی گئی۔

عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اور امریکا نے بوشہر پلانٹ کو متعدد بار نشانہ بنایا ہے تاہم عالمی سطح پر اس پر وہ توجہ نہیں دی گئی جو یوکرین کے معاملے میں دیکھی گئی تھی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر کسی جوہری تنصیب کو نقصان پہنچا تو اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تابکاری کے اثرات صرف تہران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ خلیجی تعاون کونسل کے دارالحکومتوں میں بھی زندگی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مخالفین کے اصل مقاصد کیا ہیں۔

یاد رہے کہ زاپوریژیا جوہری بجلی گھر یورپ کا سب سے بڑا جوہری پلانٹ ہے اور روس یوکرین جنگ کے دوران اس کے گرد ہونے والی کشیدگی پر عالمی برادری کی جانب سے مسلسل تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔