مریم نواز کا این ایس آئی سی ٹی اینڈ آر کا ڈیجیٹل ٹور، تعمیراتی پیش رفت پر اظہارِ اطمینان

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے


ویب ڈیسک April 06, 2026

پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آ گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے این ایس آئی سی ٹی اینڈ آر کے مختلف شعبوں کا ڈیجیٹل ٹور کیا اور تعمیراتی پیش رفت پر اظہارِ اطمینان کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال کی جلد تکمیل کے لیے تعمیراتی کام تین شفٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی اور منصوبے کی ہر اینٹ، ہر بلاک اور ہر مشین کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مرکزی داخلی ہال، ریڈیالوجی، میموگرافی سوئٹ، سی ٹی سکین روم سمیت مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ ریڈی ایشن تھراپی، ٹریٹمنٹ پلاننگ روم، سیمولیٹر، سیمینار ایریا اور مریضوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ سیٹنگ روم اور اے ایچ یو روم کا بھی معائنہ کیا۔

حکام کے مطابق ادارے کے لیے 219 آسامیوں کی بھرتی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے جن میں سے 32 امیدوار منتخب کیے گئے ہیں، جبکہ مزید 415 آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور آئندہ ہفتے اشتہار جاری کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال کے ڈین، ڈائریکٹر اور دیگر اہم آسامیوں پر بہترین پروفیشنلز تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تین شفٹوں میں جاری تعمیراتی کام کے باعث منصوبہ تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے اور جلد ہی کینسر کے مریضوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی۔