مہنگا پیٹرول؛ ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر آنے جانے کیلیے سائیکل کا استعمال کرنے لگا، ویڈیو وائرل

سفری اخراجات کم کرنے کے لیے سائیکل پر ڈیوٹی کے لیے آرہا ہوں، ٹریفک پولیس اہلکار


اسٹاف رپورٹر April 07, 2026

کراچی:

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان ٹریفک پولیس اہلکار نے ڈیوٹی پر آنے جانے کے لیے سائیکل کا استعمال شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس اہلکار بھی پریشان ہونے لگے، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیوں سے تنگ کراچی ٹریفک پولیس اہلکار نے ڈیوٹی پر آنے اور جانے کے لیے سائیکل کا استعمال شروع کر دیا۔

ٹریفک پولیس اہلکار کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ٹریفک پولیس اہلکار امتیاز کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہوگیا ہے، اس لیے سفری اخراجات کم کرنے کے لیے سائیکل پر ڈیوٹی کے لیے آرہا ہوں۔

دوسری جانب مہنگا پیٹرول اور بڑھتے اخراجات سے پریشان ایس ایس یو کمانڈوز کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

ایس ایس یو اہلکار کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی بری حالت کی وجہ سے گاڑیاں بھی خراب ہو جاتی ہیں، اہلکار کا کہنا ہے کہ پیٹرول بہت مہنگا ہے جس کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔

ایس ایس یو اہلکار نے درخواست کی ہے کہ انہیں کچھ ریلیف دیا جائے۔