وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان اپنی تمام بیرونی ادائیگیاں بروقت ادا کرے گا، جن میں متحدہ عرب امارات کے قرضوں اور یورو بانڈز کی واپسی بھی شامل ہے.
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے کیا وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ یو اے ای اور یورو بانڈزکی ادائیگی کے انتظامات کرلیے ہیں جبکہ رواں مالی سال کیلئے طے شدہ فنانسنگ اہداف کمٹمنٹ کے مطابق پورے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشیدہ صورتحال مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے زرمبادلہ ذخائرمستحکم اور آئی ایم ایف ہدف کے مطابق رکھے جائیں گے، پاکستان کی ادائیگیوں کیلئے جتنی کمٹمنٹس ہیں وہ بروقت پوری کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈزکا اجرا کررہا جس کے باعث وقت لگ رہا ہے خطے میں کشیدگی کے ملکی اکانومی پراثرات کا جائزہ لیا جارہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ پالیسیوں سے معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اہم معاشی فیصلے اور بجٹ تیاریاں کی جائیں گی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے مزید کہا کمرشل فنانسنگ اوربانڈز جاری کرنیکی تیاریاں کی جارہی ہیں، کمرشل فنانسنگ کیلئے بینکوں کے کنسورشیم سے بات چیت چل رہی ہے اپریل کے اختتام سے پانڈا بانڈز کے اجرا کی تیاریاں دوبارہ شروع کررہے ہیں اور حکومت نے مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر پانڈا بانڈز جاری کرنے کا پلان بنایا ہے۔