ایران جنگ؛ پیٹرول اور گیس بحران نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

اس سے قبل دنیا میں شدید بحران 1973، 1979 اور 2022 میں آیا تھا


ویب ڈیسک April 07, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ نے خام تیل کی عالمی قیمتوں کو معمولی بات قرار دیدیا

عالمی توانائی کے ادارے انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والا تیل و گیس بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

فرانسیسی اخبار لی فیگارو کو انٹرویو میں آئی ای اے کے سربراہ نے بتایا کہ اس وقت تیل و گیس کے بحران نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس سے قبل دنیا میں شدید بحران 1973، 1979 اور 2022 میں آیا تھا لیکن اس وقت آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے موجودہ بحران ان سب سے زیادہ شدید تر ہے۔

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے سربراہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال عالمی معیشت کے لیے انتہائی خطرناک رخ اختیار کرچکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس صورت حال سے سب سے زیادہ متاثر ترقی پذیر ممالک ہوں گے جہاں مہنگائی، خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوگا۔ یورپ، جاپان اور آسٹریلیا بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

یاد رہے کہ ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں خام تیل کی ترسیل میں بڑا تعطل آیا ہے اور پیٹرول کی قیمتیں 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی ہیں۔

امریکی خام تیل بھی 115 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا دیگر یورپی ممالک میں بھی اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی اور عالمی معیشت غیر یقینی کا شکار ہے۔