ایران کا سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر بڑا حملہ؛ پاسداران انقلاب کی تصدیق

سعودی پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو امریکا اور اسرائیل کے ایران کے پلانٹ پر حملے کے جواب میں نشانہ بنایا؛ پاسداران انقلاب


ویب ڈیسک April 07, 2026
پاسداران انقلاب نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل کپلیکس کو نشانہ بنانے کی تصدیق کردی

ایران نے سعودی شہر جوبیل میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا ہے جس سے وہاں خوفناک آگ بھی بھڑک اُٹھی تھی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔

پاسداران انقلاب کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو میڈیم رینج میزائلز اور کئی خودکش ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں حملہ امریکا اور اسرائیل کے خاص طور پر ایران کے آسالویہ پیٹرول کیمیکل پلانٹس پر رات بھر ہونے والے متعدد دھماکوں کا جواب ہے۔

ایران سعودی عرب کے سادارا کمپلیکس اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ سادارا کمپلیکس میں سعودی آرامکو اور ڈاؤ کی 20 ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری ہے۔

دوسری جانب سعودی وزارت دفاع کے مطابق مشرقی صوبے کی جانب داغے گئے7 بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاع نے ناکارہ بنایا تاہم مار گرائے جانے میزائلوں کا ملبہ گرنے سے توانائی کے بعض ہلکے انفراسٹرکچر کے قریب نقصان ہوا۔

خیال رہے کہ جوبِیل کی  صنعتی شہر میں سعودی آرامکو اور اس کی ذیلی کمپنی SABIC کے اربوں ڈالر کے منصوبے موجود ہیں اور یہاں مغربی توانائی کمپنیوں کے بھی مشترکہ منصوبے ہیں جن میں ایکسون موبائل شامل بھی ہے۔

سعودی آرامکو اور سعودی حکومت کی جانب سے تاحال ایران کے ان حملوں پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا گیا۔