ڈیڈلائن سے قبل شہباز شریف کی جنگ بندی کی نئی تجویز؛ امریکا اور ایران کا ردعمل آگیا

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ سے ڈیڈلائن میں توسیع اور ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کی اپیل کردی


ویب ڈیسک April 07, 2026
ڈیڈلائن کے آخری لمحات میں شہباز شریف کی امریکا اور ایران کے نام جنگ بندی کی نئی تجویز

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیڈلائن کے آخری لمحات میں امریکی صدر سے دو ہفتوں کی توسیع اور اتنے ہی عرصے کے لیے ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کی اپیل کی ہے۔
  
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران پاکستان کی اس تجویز کا مثبت جائزہ لے رہا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے امریکی ویب سائٹ ایکسکیوز سے گفتگو میں کہا کہ صدر ٹرمپ کو پاکستان کی اس تجویز سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور وہ اس پر جلد ردعمل دیں گے۔

امریکی اور ایرانی حکام کے مطابق موجودہ سفارتی کوششیں حوصلہ افزا ہیں اور اگر مزید وقت دیا جائے تو کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے امکانات موجود ہیں۔

یاد رہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کی جائے۔

پاکستان کی تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران اس دوران آبنائے ہرمز کو کھول دے تاکہ عالمی تجارت کا بہاؤ بحال ہو سکے جبکہ سفارتی کوششوں کو مکمل ہونے کا موقع ملے۔