کراچی:
شہر قائد میں مختلف تھانوں کی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار و ہلاک ملزمان سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری پولیس نے ریڑھی روڈ اکبر شاہ چڑھائی کے قریب مبینہ مقابلہ کیا جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 18 سالہ یونس کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
دوسری جانب سعیدآباد پولیس نے سیکٹر فور اے میں کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ہلاک ڈاکو کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم سے پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
اسی طرح اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ٹیلفون ایکسچینج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
دونوں زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت غلام مصطفیٰ اور علی شان کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
ڈیفنس کے علاقے قیوم آباد سی آر پٹہ چرچ کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جن میں سے دو زخمی حالت میں جبکہ ایک کو موقع پر ہی قابو کر لیا گیا۔
زخمی ڈاکوؤں کی شناخت رضا علی اور رمضان کے ناموں سے ہوئی جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تیسرا ملزم راجو کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔